عبداللہ حسین ہارون نگران وزیراعظم کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے

جمعرات 17 مئی 2018 00:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) سابق سپیکر سندھ اسمبلی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب عبداللہ حسین ہارون نگران وزیراعظم کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے ہیں۔ مصدقہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے عبداللہ حسین ہارون کے نام کو فائنل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنا سارا وزن عبداللہ حسین ہارون کے پلڑے میں ڈالتے ہوئے اس معاملے پر پوری پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے بھی اعلیٰ سطح پر عبداللہ حسین ہارون کے نام پر مشاورت کی گئی ہے اور وہاں سے بھی گرین سگنل مل گیا ہے۔ عبداللہ حسین ہارون تمام حلقوں کے لئے نہایت قابل احترام اور بالکل غیر متنازع شخصیت ہیں ۔ فوج اور سول قیادت میں ان کا بہت احترام ہے۔ علاوہ ازیں امریکا اور یورپ سمیت تمام طاقتور ممالک اور عالمی ادارے عبداللہ حسین ہارون سے مستقل ورکنگ ریلیشن شپ رکھتے ہیں اور انہیں سپورٹ فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔۔