Live Updates

پی کی10 سے مسلم لیگ نواز کے 50سے زائد ناظمین، کونسلرز اور پارٹی عہدیداروں کی تحریک انصاف میں شمولیت

ناصر موسیٰ زئی کی قیادت میں مسلم لیگ کے رہنماؤں نے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان سے ملاقات میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا

جمعرات 17 مئی 2018 00:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی عوام دوست بہترین پالیسیوں، کرپشن کیخلاف جہاد اور شفاف نظام کی تشکیل کے ایجنڈا کی بدولت ملک بھر میں اس کی مقبولیت کا گراف بڑھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت کے آخری ایام کے باوجود دوسری پارٹیوں کے سیاسی کارکن اور رہنما تحریک انصاف میں جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز وزیر اعلی ہاؤس میں پی کے۔10 موجودہ پی کے۔70 سے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 50 کے قریب بلدیاتی نمائندوں ناظمین، جنرل کونسلرز، کونسلر اور مقامی عہدیداروں کی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف میں حالیہ شمولیت کرنے والے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابقہ امیدوار قومی اسمبلی این اے فورناصر موسیٰ زئی اور نیاز محمد سابقہ مسلم لیگ ن پی کی7کے ٹکٹ ہولڈر کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ممبر فرید اللہ خان، ٹاون ممبر حسین خان، مسلم لیگ ن پی کے 10 کے صدر نور محمد خان اور ناظمین میں زبیر خان، عبدالغفار،زرین خان،خالد خان،محمد الیاس،خان محمد،واقف خان،افسر علی،زاہداللہ،مظفر خان، مینہ باز خان،کامران،افتخار، حشمت اللہ،عبیداللہ، معریز،شاہد،خان زیب،وحید خان،صادق ڈاکٹر،لیاقت، سفیر اللہ،رضوان اللہ، کے جنرل کونسلرز ازل شیر خان، جمیل الرحمان، عابد خان، ملک تصور، غریب اللہ، محمد وہاب، ظاہر خان، جمشید کے علاوہ امتیاز باچا، خالدہ بی بی ، ولی اللہ اور دیگر نے مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

اس موقع پرصوبائی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت صوبائی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی اورپارٹی قیادت عمران خان کے ویژن اور پالیسی پر اعتماد کامظہر ہے اور اس سے تحریک انصاف این اے فور میں مزید مظبوط ہو گئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کی مہم چلانے والے مسلم لیگی وزرا یہ بتائیں کہ مرکزی حکومت نے اس صوبہ کے جائز حقوق کیوں نہیں دیئے، پنجاب کے مقابلہ میں خیبر پختونخوا کے حصہ میں ایک بھی بڑا منصوبہ نہیں دیا گیا حتی کہ اس صوبے کو بجلی، گیس اور تیل کی مد میں منافع کی اصل رقم بھی فراہم نہیں کی گئی،اپنی قیادت کوُخوش کرنے اور اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں امیر مقام اپنی ہی پختون قوم کے ساتھ دھوکہ کر رہے ہیں اور اپنی سرٹیفایئڈ چور قیادت کو خیبر پختونخوامیں ترقی و خوشحالی کا راستہ بتا رہے ہیں، امیر مقام سن لو عوام کی آنکھیں کھل چکی ہیں اور تحریک انصاف حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے تم اور تمہاری تصدیق شدہ چور قیادت کی اگلی حکومت پاکستان میں نہیں بلکہ خلا میں ہو گی، انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والے خیبر پختونخوا میں آ کر دیکھیں کہ آج یہاں بجلی کے بحران پر قابو پانے اور سستی بجلی کی فراہمی کے لئے کئی چھوٹے ڈیم مکمل کئے جا چکے ہیں جن سے صوبے کے دور دراز علاقوں کو سستی بجلی فراہم کی جارہی ہے،ہم سے پہلے اس صوبے میں درختوں کی بے دریغ کٹائی گئی لیکن ہماری حکومت نے صوبے میں ایک ارب درخت لگائے،پشاور میں اندرون شہر بہترین سفری سہولیات کیلئے بی آر ٹی منصوبہ کا آغاز کیا جو 57ارب روپے میں ریکارڈ ٹائم میں بن رہی ہے،یہ منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جسے چلانے کے لئے پنجاپ کی طرح سبسڈی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

کالجز، یونیورسٹیوں اور اسکولوں کی تعداد میں اضافہ کیا، ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی، پولیس کو ایک مکمل فورس بنایا، ہماری حکومت نے عوامی مفادات میں اقدامات اٹھائے اور صوبائی اسمبلی سے قانون سازی کر کے ان اقدامات کو قانونی تحفظ بھی فراہم کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات