سینیٹر سراج الحق کی قوم کو رمضان کی مبارکباداور پیغام
تازہ ترین : 1

سینیٹر سراج الحق کی قوم کو رمضان کی مبارکباداور پیغام

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو رمضا ن کی مبارکباد دی ہے اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا انتہائی محترم اور مقدس مہمان مہینہ ہے۔ یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اور ہر صاحب ایمان کو اس ماہ مبارک کا ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری میں گزار کر زیادہ سے زیادہ اجر و ثواب جمع کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ رمضان ایک دوسرے کی پریشانیوں کو بانٹنے اور باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کامہینہ ہے ۔ اس ماہ مقدس میں معاشرے میں موجود تنگ دستوں ، غربا و مساکین ، بیوائوں اور یتیموں کی دل کھول کر امداد کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم باہمی محبتوں کو بڑھائیں اور نفرتوں کو ختم کریں ۔

انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ اس وقت سخت آزمائش سے دوچار ہے ۔ کفار، خصوصاً یہود و ہنود اور امریکہ کا اتحاد ثلاثہ مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکاہے اور امت مسلمہ کے حکمران مظلوموں کے حق میں آواز اٹھانے اور ان کی مدد کرنے کی بجائے امریکہ کی چاپلوسی میں لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے فلسطین غزہ ، کشمیر اور دوسرے ممالک میں مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن مسلم حکمران بے حمیتی کی چادر اوڑھ کر سو رہے ہیں ۔ تمام مسلمان اس مبارک ماہ میں ان مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کو ظلم سے نجات عطا فرمائے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 17/05/2018 - 00:06:59

اس خبر پر آپ کی رائے‎