وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی رمضان المبارک کی آمد پر تمام عالم اسلام اور اہل وطن کو مبارکباد

رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں ہم اپنے خالق کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ ہمیں اِس ماہِ مبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع میسر آیا ہے، شاہد خاقان عباسی

جمعرات 17 مئی 2018 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد پر تمام عالم اسلام اور اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ ہمیں اِس ماہِ مبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع میسر آیا ہے، میری دٴْعا ہے کہ ہم سب کی زندگی میں اِس طرح کے مبارک مواقع بار بار آتے رہیں۔

انہوں نے یہ بات رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا ایسا مہینہ ہے جس میں ہم اپنے خالق کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے حلال کاموں سے بھی ایک مخصوص وقت کیلئے اجتناب کرتے ہیں، رمضان کا مہینہ ذاتی محاسبہ کا مہینہ ہے، یہ اپنی ذات کے حوالہ سے نظرثانی اور اصلاح کا مہینہ ہے، یہ مہینہ اپنی خواہشات اور اپنے نفس پر قابو پانے کی تربیت ہے، اس کے ذریعے مومنین میں یہ صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے کہ وہ صبراور نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی طور پرکامیابی کا دارومدار نظم و ضبط اور درست سمت کے تعین و پیروی پر منحصر ہوتاہے، اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے ہمیں اپنے طرزِ عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمیں ہمارے دین نے راہ دکھلائی ہے، انفرادی طور پر جہاں ہمیں نظم و ضبط، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر اپنی منزل کے حصول کی طرف بڑھنا ہے وہاں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اعلیٰ اوصاف پیداکرنے کی ضرورت ہے۔

ان اعلیٰ اخلاقی اقدار کو ہماری زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کرتا ہے لہٰذا ہمیں اس ماہ ِمبارک کا خصوصی اہتمام و احترام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دٴْعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں پابندی سے روزے رکھنے کی توفیق عطاء فرمائے، اس ماہ مبارک کی برکت سے اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے۔