خیرپور میں اعلانیہ کے ساتھ غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ طول پکڑ گئی،12 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ بدستور جاری

جمعرات 17 مئی 2018 00:03

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) خیرپور میں اعلانیہ کے ساتھ غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ طول پکڑ گئی ۔بارہ سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنگ بدستور جاری۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کردیئے۔چھ گھنٹے تک گیس کی بندش کا سلسلہ شروع کردیا۔صارفین سخت پریشان۔روزمرہ امور میں مشکلات درپیش۔کاروبار ٹھپ۔

شہری گرمی کم کرنے درختوں کے سائے تلاش کرنے اورنہروں واٹر پارکوں میں پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق خیرپور ضلع بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ اورگرمی سے بلبلا اٹھے اور انہوں نے سائے دار درختوں اورنہروں ۔واٹر پارکوں ۔ٹیوب ویلوں کا رخ کرلیا وہاں نہاکر اپنا ٹائم پاس کرنے پر مجبور ہوگئے جب کہ گھروں میں خواتین بچوں اور بزرگوں کا سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں سید مہتاب شاہ۔سعید راجہ مجید سومرو۔رمیض انصاری۔طاہر سلیم مغل و دیگر کا کہنا ہے کہ شہریوں پر ستم ظریفی یہ ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ اب سوئی گیس کی بھی دن میں چار تا چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے جس کی وجہ سے بجلی کے ستائے اب کھانے پینے کی تیاری سے بھی محروم ہوگئے ہیں محکمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے یومیہ چھ گھنٹے سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کرکے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروباری زندگی سخت متاثر ہونے سے بیروزگاری میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلائی جائے تاکہ وہ سکھ چین سے زندگی بسر کرسکیں۔