رمضان مستحق افراد کی اعانت کرنے اور معاشرے میں محبتیں بانٹنے کا مہینہ ہے، امریکی وزیر خارجہ

جمعرات 17 مئی 2018 00:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ رمضان مستحق افراد کی اعانت کرنے اور معاشرے میں محبتیں بانٹنے کا مہینہ ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مسلمانوں کے مقدس مہینے کی آمد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں اس ماہ کے آغاز کے موقع پر عالم اسلام کے لیے ایک بہت بابرکت اور پٴْر امن رمضان کی خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور ماہ صیام کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے دعا گو ہوں۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ روحانی تزکیے، مالی امداد اور عجز و انکساری کا نام ہے جس میں خاندان اور دوستوں کے درمیان روابط بحال ہوتے ہیں اور غربائ کی امداد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، اس کے علاوہ اسی مہینے دنیا بھر کے سفارت خانے مسلمانوں اور دوسرے عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کو اکٹھا کرنے کے لیے خصوصی تقریبات منعقد کرتے ہیں جو امن ، استحکام اور خوشحالی کی منزل کے مشترکہ ہدف کی کامیابی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔۔