بچوں کو’’مار ‘‘ سے نہیں’’ پیار ‘‘ سے سمجھانا اشد ضروری ہے،محمد خان اچکزئی

تعلیمی ادارو ںمیں خوف ڈر کے ماحول سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں دب جاتی ہیں ،گورنر بلوچستان

بدھ 16 مئی 2018 23:50

بچوں کو’’مار ‘‘ سے نہیں’’ پیار ‘‘ سے سمجھانا اشد ضروری ہے،محمد ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بچوں کو’’مار ‘‘ سے نہیں’’ پیار ‘‘ سے سمجھانا اشد ضروری ہے۔ تعلیمی ادارو ںمیں خوف ڈر کے ماحول سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں دب جاتی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جسمانی تشدد سے عزت نفس مجروح اور خوداری سلب ہوجاتی ہے جو طلبہ کے مستقبل کیلئے بھی نقصان دہ ہے انہوںنے کیڈٹ کالجوں میں شفقت سے پڑھانے اور ہر قسم کی تشدد اور جسمانی مار پیٹ سے گریز کرنے کی ہدایت کی ۔

ان خیالات کاا ظہا ر انہوںنے بلوچستان کے تمام کیڈٹ کالجز کے بورڈ آف گورنر کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ واضح رہے کہ یہ ہنگامی اجلاس مستونگ کیڈٹ کالج میں طلبہ پرہونے والے تشدد کے حالیہ واقعہ کے سلسلے میں صورتحال کا جائزہ لینے اورآئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے طلب کیا گیا تھا جس میں صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود خان، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبد اللہ جان ، سیکریٹری قانون شعیب احمد گولہ، سیکریٹری پی اینڈ ڈی محمد علی کاکڑ ، پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر سجا د احمد بھٹہ ، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی سمیت تمام کیڈٹ کالج کے پرنسپلز بھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ نو عمر طلبہ اپنی عمر کے ایسے حصے میں جذبات اور مخفی توانائی سے معمور ہوتے ہیں لہٰذا تشدد ، بے راہ روی اورمنفی سرگرمیوں کی جانب راغب ہونے سے قبل انہیں مثبت اور تعمیری راستوں پر لگانا اشد ضروری ہے تاکہ معاشرے میں عدم برداشت ، تشدد اور حق تلفی جیسے منفی رجحانات کا بروقت خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ سیکریٹری ہائر ایجو کیشن عبداللہ جان نے گورنر کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ پرنسپل کیڈٹ کالج مستونگ معطل ہوچکا ہے۔

طلبہ پر تشدد کے حالیہ واقعہ سے متعلق حقائق اکٹھا کرنے اور وجوہات کو جانچنے کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایڈیشنل سیکریٹری ایجو کیشن ، ایس پی اور ڈی سی مستونگ پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل شدہ کمیٹی تین دن کے اندر متعلقہ واقعہ کے حوالے رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہے۔ گورنر بلوچستان نے اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نگران کمیٹی تشکیل دی جائے جو وقتاً فوقتاً کیڈٹ کالج کا دورہ کرکے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔ اس موقع پر کیڈٹ کالج بورڈ آف گورنر کے ہنگامی اجلا س کے شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔