چار ملکی ڈویژن تھری رگبی چیمپئن شپ،پاکستان نے کرغستان کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

بدھ 16 مئی 2018 23:55

چار ملکی ڈویژن تھری رگبی چیمپئن شپ،پاکستان نے کرغستان کو ہرا کر فائنل ..
لاہور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) قازقستان کے شہر الماتے میں جاری چار ملکی ڈویژن تھری رگبی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے کرغستان کو 82-0 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ، ادھر دوسرے سیمی فائنل میں قازقستان نے منگولیا کو 55-6 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ اب پاکستان کا فائنل 19 مئی کو قازقستان کے ساتھ ہوگا۔

الماتے سے موصولہ تفصیلات کے مطابق پاکستان 15 سائیڈ رگبی ٹیم نے کرغستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔ تین سال بعد پہلا انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیم نے پہلے ہاف سے ہی کرغستان کی ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے اور پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کو کرغستان پر 45-0 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید جاندار کھیل پیش کیا اور 37 اور پوائنٹس حاصل کرکے میچ 82-0 سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

پاکستان رگبی ٹیم کی طرف سے محمد علی خان اور محمد شعیب اکبر نے تین تین ٹرائیز سکور کیں نیز سعد عارف، عدنان سعید نے دو دو ٹرائیز سکور کیں جبکہ انجم سجاد، ناصر محمود، محمد ہارون اور محمد وقاص کی طرف سے ایک ایک ٹرائی سکور کی گئی ۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کا کہنا تھا کہ ٹیم نے گیم پلان کے ساتھ میچ کھیلا اور اچھا کھیلے۔ تمام لڑکو ں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع تین سال بعد ملا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور اچھا کھیل پیش کیا۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا۔ فائنل میں قازقستان جیسی مشکل ٹیم کے خلاف بھی اچھا کھیل پیش کرکے چیمپئن شپ جیتیں گے۔

متعلقہ عنوان :