وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انوشہ رحمان کا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ

براڈبینڈ کے شعبے میں غیرمعمولی وسعت آئی ہے ، یہ شعبہ دنیا بھر کے ممالک میں ایک ماڈل بن کر سامنے آیا ہے،انوشہ رحمان

بدھ 16 مئی 2018 23:32

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انوشہ رحمان کا پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انوشہ رحمان نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ممبر ٹیلی کام (ایم او آئی ٹی) مدثر حسین، ممبر ایچ آر ڈی (ایم او آئی ٹی)، محمد طاہر مشتاق، ممبر آئی سی (ایم او آئی ٹی)، یاسر قادر، چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید، ممبرکمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ، عبدالصمد اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ براڈبینڈ کے شعبے میں غیرمعمولی وسعت آئی ہے اور یہ شعبہ دنیا بھر کے ممالک میں ایک ماڈل بن کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ٹیلی کام شعبے کی ترقی میں پی ٹی اے کے کردار کی تعریف کی اور موثر حکمت عملی اپنانے اور پاکستان میں 5جی کے نفاذ کیلئے جامعہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے لئے کئی ایک اقدامات اٹھائے گئے ہیںجیسا کہ آئی سی ٹی فار گرلز پروگرام اور ڈی جی سکلز پروگرام جو کہ آن لائن روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم تھا۔

چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں جدید انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں وفاقی وزیر کے کردار کی تعریف کی، بالخصوص سپیکٹرم آکشن، پاکستان کی ای کامرس صنعت کی تیزی سے ترقی کرتی رفتار اور ملک بھر میں براڈبینڈ کی وسعت کے حوالے سے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

ممبر(کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) عبدالصمد نے کہا کہ وفاقی وزیر کے دور میں آئی ٹی کے شعبے نے بے مثال ترقی کی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے گزشتہ چند سالوں میں پیش آنے والے مسائل اور مواقع کا بھی ذکر کیا۔ اختتام پر چیئرمین پی ٹی اے نے وفاقی وزیر انوشہ رحمن کو سووینئر پیش کیا جبکہ وفاقی وزیر نے پی ٹی اے کے احاطہ میں یادگار کے طور پر ایک درخت بھی لگایا۔