پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے طول و عرض میں تعمیر و ترقی کے کام شروع اور مکمل کئے ہیں،

ملک کی ترقی جمہور ی نظام سے وابستہ ہے، آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنی مرضی کی حکومت منتخب کریں گے جس سے اگلے پانچ سالوں کیلئے ملکی ترقی کی سمت کا تعین ہو گا، امید ہے کہ عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب کریں گے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا میرا بیگوال پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب

بدھ 16 مئی 2018 23:30

پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے طول و عرض میں تعمیر و ترقی کے کام شروع اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے طول و عرض میں تعمیر و ترقی کے کام شروع اور مکمل کئے ہیں، ملک کی ترقی جمہور ی نظام سے وابستہ ہے، آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنی مرضی کی حکومت منتخب کریں گے جس سے اگلے پانچ سالوں کیلئے ملکی ترقی کی سمت کا تعین ہو گا، امید ہے کہ عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب کریں گے۔

وہ بدھ کو بہارہ کہو کے نواحی علاقہ میں میرا بیگوال پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی فرحانہ کنول عباسی اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک کے طول و عرض میں تعمیر و ترقی کے کام مکمل کئے ہیں، گذشتہ پانچ سالوں میں سڑکوں، موٹرویز، بجلی اور گیس سمیت بڑے منصوبوں پر کام شروع اور مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی جمہوری نظام سے وابستہ ہے، پاکستان کے عوام آنے والے انتخابات میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے اور اپنی مرضی کی حکومت منتخب کریں گے جس سے اگلے پانچ سالوں کیلئے ملکی ترقی کی سمت کا تعین ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کا فیصلہ مقدم ہوتا ہے اور ملک ترقی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹ کے حقدار ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔ میرا بیگوال پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کے آغاز سے علاقہ میں نوجوانوں کو تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ پر شب خون مارنے کی کوششیں کی گئیں لیکن مقامی لوگوں نے نہ صرف اس انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کو قائم رکھا بلکہ اس کی حفاظت بھی کی، منصوبہ میں ایف ڈبلیو او کی شمولیت خوش آئند ہے جس کے نتیجہ میں معیاری تعلیم میسر آئے گی۔

انہوں نے ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل کی اس حوالہ سے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے کروڑوں روپے کی رقم ادارہ کیلئے مختص کی ہے اور امید ہے کہ وہ اسے ایک معیاری ادارہ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کیلئے مقامی آبادی نے زمین وقف کی جو صدقہ جاریہ ہے، اس وقت خاقان عباسی، ڈاکٹر محبوب الحق اور صاحبزادہ یعقوب ناصر نے اس ادارہ کیلئے رقم مہیا کی اور سوا 2 کروڑ روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ شروع کیا، اس کی تکمیل سے اب مقامی آبادی کیلئے سہولیات میسر ہوں گی، مقامی باشندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ادارہ کی نگرانی و حفاظت کے ساتھ ساتھ اسے ایک معیاری ادارہ بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں، یہ ادارہ پورے علاقہ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 سال قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے والد محترم خاقان عباسی نے اس منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا تھا، آج وزیراعظم اس کا افتتاح کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمارت مختلف مقاصد کیلئے استعمال ہوئی لیکن یہ ٹیکنیکل کالج کیلئے قائم کی گئی تھی، ماضی میں مجرمانہ غفلت کے باعث اس میں کلاسوں کا اجراء نہیں ہو سکا، آج وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا اور ہدایت کی کہ یہاں تمام سہولیات فراہم کی جائیں، اس سلسلہ میں ایف ڈبلیو او کے ساتھ معاہدہ کے تحت مقامی لوگوں کو خصوصی رعایت اور ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی اور بورڈ ادارہ کے معاملات دیکھیں گے۔ انہوں نے علاقہ میں تعمیر و ترقی کے کاموں کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ ایف ڈبلیو او کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے والد محترم نے جو پودا لگایا تھا آج وہ اس کی آبیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او ملک کے دیگر حصوں میں بھی تعلیمی ادارے کامیابی کے ساتھ چلا رہی ہے۔

ایف ڈبلیو او نے ایک انجینئرنگ یونیورسٹی بھی قائم کی ہے جو اس سال کام شروع کر دے گی۔ میرا بیگوال پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کو ایف ڈبلیو او کے کنسٹرکشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد کی طرز پر چلایا جائے گا۔ اسی طرح پنجاب ٹیوٹا کے ساتھ مل کر اس سال ادارہ میں دو پروگرام شروع کئے جائیں گے جبکہ اگلے سال چار مزید پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25 فیصد نشستیں مقامی آبادی کیلئے مخصوص کی گئی ہیں، دوران تعلیم قابلیت کی بنیاد پر طلباء کو وظائف دینے کے ساتھ ساتھ ضرورت کی بنیاد پر بھی وظائف دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ میرا بیگوال کے انتظام کے حوالہ سے ایف ڈبلیو او اور وزارت کیڈ کے درمیان باضابطہ طور پر معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔