کراچی،فراہمی و نکاسی آب واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے ، وسیم اختر

تاہم شہریوں کو درپیش مشکلات کے باعث یہ کام بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی انجام دے رہی ہے،تاکہ آئندہ موسم برسات میں شہر کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی کھڑا ہونے اور ڈرینج اوور فلو کی شکایات دور کی جاسکیں،میئر کراچی

بدھ 16 مئی 2018 23:40

کراچی،فراہمی و نکاسی آب واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے ، وسیم اختر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فراہمی و نکاسی آب واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے تاہم شہریوں کو درپیش مشکلات کے باعث یہ کام بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی انجام دے رہی ہے تاکہ آئندہ موسم برسات میں شہر کے مختلف علاقوں میں برساتی پانی کھڑا ہونے اور ڈرینج اوور فلو کی شکایات دور کی جاسکیں، ضلع شرقی کے گلشن زون میں67.539روپے تخمینی لاگت سے نکاسی آب کی لائنیں ڈالنے اور سڑکوں کی استرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے جسے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے پورے علاقے میں نکاسی آب کا نظام بہتر ہوگا اور برساتی پانی کی نکاسی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائیں گی، یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے ڈالی جانے والی نکاسی آب کی لائن کے معائنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور ‘ ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی ‘ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان‘ ایس ایم طحہٰ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سید شبیہ الحسن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ بارشوں کے دوران مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات اور شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ، اسٹیڈیم فلائی اوور سے سوک سینٹر تک نکاسی آب کا نظام ٹھیک کرنے کے لئے 4400 رننگ اسکوائر فٹ پائپ لائن ڈالی جا رہی ہے جبکہ ضلع شرقی کے گلشن اقبال زون میں دیگر مقامات پر بھی نکاسی آب کی لائنیںڈالی جا رہی ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کارساز فلائی اوور کے نیچے بارشوں میں دو سے تین فٹ پانی جمع ہونے کی شکایات تھیں جس کے تدارک کے لیے یہاں ڈرینج سسٹم ڈالا جا رہا ہے جس سے نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف دیگر رہائشی علاقوں سمیت گلشن اقبال کے مکینوں کو سہولیات میسر آئیں گی جبکہ بارشوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث ٹریفک جام ہونے کی شکایات پر بھی قابو پایا جا سکے گا اور علاقے کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا، اس موقع پر میئر کراچی کوپروجیکٹ کے متعلق تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلشن اقبال زون میں واقع مختلف بلاکس میں پانی و سیوریج کے نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے 12 انچ قطر کی 7 ہزار300 آر ایف ٹی جبکہ 15 انچ قطر کی 4ہزار 800 ، 18 انچ قطر کی 7 ہزار آر ایف ٹی اور 24 انچ قطر کی 5 ہزار آر ایف ٹی لائنوں سمیت مجموعی طور پر 24 ہزار100 رننگ اسکوائر فٹ پائپ لائنیں ڈالی جا رہی ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ اسکوائر فٹ سڑک کی استرکاری بھی اس منصوبے میں شامل ہیں، اس منصوبے کا کام کافی حد تک مکمل ہوچکا ہے اور باقیماندہ کام تیزی سے جاری ہے، میئر کراچی نے متعلقہ افسران اور انجینئرز کو ہدایت کی کہ شہریوں کو سہولت پہنچانے کے لئے شروع کئے گئے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ ہونے والے کام پائیدار ثابت ہوں اور طویل عرصے تک شہریوں کو ان سے سہولت ملتی رہے، انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے شہر کے ہر علاقے میں لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور تمام تر دستیاب وسائل انہی کاموں پر خرچ ہو رہے ہیں، شہر میں ترقی اور بہتری کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔