حکومت نجی شعبہ کی مشاورت سے سرکاری اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لائے ،شیخ عامر وحید

بدھ 16 مئی 2018 23:21

حکومت نجی شعبہ کی مشاورت سے سرکاری اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نجی شعبہ کی مشاورت سے سرکاری اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لانے کی کوشش کرے تا کہ ان کو خسارے سے نکال کر منافع بخش بنایا جا سکے۔ بدھ کو یہاںاپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق سرکاری کمرشل اداروں کا مجموعی قرضہ میں جون 2017ء کے اختتام تک اضافہ ہوا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پی آئی اے کا مجموعی خسارہ پچھلے چار سال کے دوران بڑھ کر 146 روپے تک پہنچ گیا جبکہ 2016-17ء میں پاکستان ریلوے نے 26 ارب روپے سے زائد کا خسارہ اٹھایا۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ سرکاری کمرشل اداروں کا بڑھتا ہوا خسارہ ملکی وسائل پر غیر ضروری بوجھ بنتا جا رہا ہے کیونکہ ملک کا جو پیسا عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہئے وہ ان اداروں کا خسارہ پورا کرنے کی نظر ہو جاتا ہے جو افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نجی شعبے کی مشاورت سے ان اداروں کو خسارے سے نکال کر منافع بخش بنانے کیلئے ایک نئی حکمت عملی وضع کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان اداروں کا انتظامی کنٹرول نجی شعبے کے حوالے کرے یا پھر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر ان اداروں کو چلانے پر غور کرے تا کہ اپنی کارکردگی بہتر کر کے یہ ادارے خسارہ اٹھانے کی بجائے ملک کیلئے منافع کمانے والے بن جائیں اور قومی خزانے پر بوجھ بننے کی بجائے اس میں اضافے کا باعث بنیں۔