پنجاب یونیورسٹی میں خواتین کے پہلے پاور لفٹنگ سنٹر،سوئمنگ پول کا افتتاح

بدھ 16 مئی 2018 23:13

لاہور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے خواتین سپورٹس کمپلیکس اولڈ کیمپس میںعورتوںکے پہلے پاور لفٹنگ سنٹر، فٹنس سنٹر اور سوئمنگ پول کا افتتاح کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سپورٹس طاہرہ سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس زبیر بٹ و دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا کہ پاکستان کی کسی بھی پبلک سیکٹر یونیورسٹی میں خواتین کے لئے پہلا ویٹ لفٹنگ سنٹر ہے اور پنجاب یونیورسٹی میں خواتین کیلئے پہلی پاور لفٹنگ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین بہت باصلاحیت ہیں اور وہ کسی بھی کھیل میں خود کو منوا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے خواتین کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سہولیات کی فراہمی سے خواتین کیلئے نوکریوں کے بہتر مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے فٹنس سنٹر میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ثقافتی روایات کا خیال رکھتے ہوئے خواتین کیلئے انڈور سوئمنگ پول کی سہولت فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کا واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا گیا ہے۔ خواتین کیلئے سوئمنگ پول کے اوقات کار دوپہر 2بجے سے شام 4بجے تک ہوں گے۔ پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کیلئے سوئمنگ پول کی سہولت فری جبکہ باہر سے آنے والی عام شہری خواتین 100روپے فی کس روزانہ کی بنیاد پر یہ سہولت حاصل کر سکتی ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ نے یونیورسٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تعاون پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔