اتر پردیش: زیر تعمیر فلائی اوور گر گیا ،18افراد ہلاک ، متعدد گاڑیاں تباہ

ملبے سے 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، تاہم امکان ہے کہ ملبے کے نیچے مزید لاشیں موجود ہیں،نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس

بدھ 16 مئی 2018 22:32

اتر پردیش (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) شمالی بھارتی ریاست اتر پردیش میں زیرِ تعمیر فلائی اوور گرنے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے وراناسی میں ایک فلائی اوور گرگیا جس کے فوری بعد ریسکیو عملے نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کا آغاز کردیا۔ریسکیو عملے کے مطابق ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے جس کے نیچے متعدد افراد دب کر ہلاک ہوئے تھے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار نے بتایا کہ اب تک ملبے سے 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، تاہم امکان ہے کہ ملبے کے نیچے مزید لاشیں موجود ہیں۔ گاڑیوں کے ٹکڑے بھاری بھرکم فلائی اوور کے نیچے دبے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے اطراف میں لوگوں کا بڑا ہجوم موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ اس فلائی اوور کا ایک حصہ زیرِ تعمیر تھا، جو زمین پر آگرا جس کے نیچے بس اور کاریں اور آٹو رکشا دب گئے۔

عینی شاہد نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت فلائی اوور کے قریب ہی موجود تھا جب وہ زمین پر گر گیا، جس میں کم سے کم 4 کاریں، ایک آٹو رکشا اور ایک منی بس دب گئی۔خیال رہے کہ بھارت میں اکثر تعمیری مقامات پر حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کردیا جاتا ہے جبکہ تعمیراتی مواد بھی اکثر اچھا استعمال نہیں کیا جاتا۔واضح رہے کہ 2016 میں بھارت کے مشرقی شہر کولکتہ میں بھی ایک زیرِ تعمیر فلائی اوور گرنے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے وراناسی میں ہونے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔۔