قومی اسمبلی میںایم کیو ایم رکن سہیل منصور خواجہ کاایف آئی اے کی جانب سے انہیں اور انکی اہلیہ کو مبینہ غلط نوٹسز بھیجنے پر مسلسل دوسرے روز احتجاج ،

اپوزیشن اور حکومتی ارکان کا کھڑے ہو کر سہیل منصور خواجہ کیساتھ اظہار یکجہتی ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی خان کا علامتی ہتھکڑیاں پہن کر احتجاج ،ڈپٹی سپیکر کی جانب سے سہیل منصور خواجہ کا مائیک بند کرنے پر لیگی ارکان کے خواجہ خواجہکے نعرے ، سپیکر سے مذکورہ رکن اسمبلی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے رولنگ دینے کی اپیل اگر یہ ایوان21ویں گریڈ کے افسر کو تبدیل نہیں کر سکتا تو ہم یہاں کیوں بیٹھے ہیں ، کیپٹن (ر) محمد صفدر

بدھ 16 مئی 2018 21:21

قومی اسمبلی میںایم کیو ایم رکن سہیل منصور خواجہ کاایف آئی اے کی جانب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) قومی اسمبلی میںایم کیو ایم کے رکن سہیل منصور خواجہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کی جانب سے انہیں اور انکی اہلیہ کو مبینہ غلط نوٹسز بھیجنے پر مسلسل دوسرے روز احتجاج کی ۔اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے کھڑے ہو کر سہیل منصور خواجہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جبکہ ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی خان نے علامتی ہتھ کڑیاں پہنا کر احتجاج کیا۔

ڈپٹی سپیکر کی جانب سے سہیل منصور خواجہ کا مائیک بند کرنے پر لیگی ارکان نے خواجہ خواجہ کے نعرے لگائے اور سپیکر سے درخواست کی کہ مذکورہ رکن اسمبلی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے رولنگ دی جائے ،(ن) لیگ کے رکن کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ اگر یہ ایوان21ویں گریڈ کے افسر کو تبدیل نہیں کر سکتا تو ہم یہاں کیوں بیٹھے ہیں ۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سہیل منصور خواجہ نے کہا کہ ایف آئی اے کے ڈی جی ذاتی عناد کی بنیاد پر انہیں اور ان کے اہلخانہ کو غلط نوٹسز بھیج کر تنگ کر رہے ہیں ،کیا بیوروکریٹ یہی چاہتے ہیں کہ کاروباری شخصیات پاکستان چھوڑ کر چلی جائیں، میں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا کاروباری شخص ہوں ۔

قومی اسمبلی 14دن کی مہمان ہے ، قومی اسمبلی کے جانے کے بعد ایف آئی اے میرے ساتھ کیا سلوک کرے گی ، کیا ڈی جی ایف آئی اے ایوان سے زیادہ طاقتور ہیں ، اگر ہم سب متحد نہ ہوئے تو دن بہ دن حالات ہم سب کے خلاف ہوتے جائیں گے جس پر اپوزیشن سمیت تمام حکومتی ارکان نے کھڑے ہو کر سہیل منصور کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ سہیل منصور خواجہ نے کہا کہ ایف آئی اے کو اگر مجھے گرفتار کرنے کا زیادہ شوق ہے تو میں ابھی باہر جاتا ہوں تو مجھے ہتھکڑے لگا کر گرفتار کیا جائے ، ایف آئی اے میرا کاروبار بدنام کر رہی ہے ، اگر ایف آئی اے کا یہی رویہ رہا تو میں کاروباری طبقے سے کہوں گا کہ ملک چھوڑ دیا جائے ۔

میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ایف آئی اے کے رویے کے خلاف میرے ساتھ تعاون کیا ۔سپیکر نے سہیل منصور خواجہ سے کہا کہ آپ نے اپنی بات مکمل کر لی ہے آپ کا مسئلہ ہم تک پہنچ گیا ہے جس کے بعد ان کا مائیک بند کردیا گیا ۔ مائیک بند ہونے پر حکومتی ارکان نے خواجہ خواجہ کے نعرے لگائے اور انہیں مزید وقت دینے کو کہا ۔

(ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ اگر یہ ایوان21ویں گریڈ کے افسر کو تبدیل نہیں کر سکتا تو ہم یہاں کیوں بیٹھے ہیں ۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو یہ اجلاس نہیں چلنے دیں گے ۔ ایف آئی اے کا ایم کیو ایم پاکستان کے باقی پارلیمنٹرین کے ساتھ رویہ بھی قابل افسوس ہے ۔