تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کیلئے نوجوانوں کا کردار اہم ہے‘ 1931ء میں 22نوجوانوں نے اذان کی تکمیل کرتے جام شہادت نوش کیا ‘آج نوجوانوں نے جو قدم اٹھایا ہے میں اس کی تحسین کرتا ہوں،مقبول بٹ شہید نے اپنی جان کی قربانی دی 1990میں جب تحریک کاآغاز ہوا تو اس وقت بھی مقبول الہٰی،شمس الحق جیسے نوجوان ا س تحریک کی قیادت کررہے تھے ‘ برہان مظفروانی اور اب ڈاکٹر اور انجینئر اور پی ایچ ڈی سکالر اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں

کنونیئرکل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا سمینار سے خطاب

بدھ 16 مئی 2018 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) کنونیئرکل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کے لیے نوجوانوں کا کردار اہم ہے 1931ء میں 22نوجوانوں نے اذان کی تکمیل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ،،آج نوجوانوں نے جو قدم اٹھایا ہے میں اس کی تحسین کرتا ہوں،مقبول بٹ شہید نے اپنی جان کی قربانی دی 1990میں جب تحریک کاآغاز ہوا تو اس وقت بھی مقبول الہٰی،شمس الحق جیسے نوجوان ا س تحریک کی قیادت کررہے تھے برہان مظفروانی اور اب ڈاکٹر اور انجینئر اور پی ایچ ڈی سکالر اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں ،1947ء میں جب منٹو پارک میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی علامہ اقبال اور قائد اعظم کے تصور پاکستان کے لیے کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جموں وکشمیر یوتھ کونسل کے زیر اہتمام کشمیر کی تازہ صورت حال اور نوجوانوں کے کردار پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سیمینار سے سینیٹر رحمان ملک،ظفر علی شاہ،جسٹس منظور گیلانی،صدر جموں وکشمیر یوتھ کونسل آصف حنیف کیلوی ایڈووکیٹ،صاحبزادہ ذوالفقار،شائستہ صفی،عثمان عتیق،یوسف نسیم،شمیم شال سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ پاکستان کی قومی جماعتیں اور قائدین کا بیانیہ ہی مسئلہ کشمیر ہوتا تھا مگر ایک بڑی جماعت کے سربراہ نے اپنے نکات میں مسئلہ کشمیر کو یکسر نظر انداز کیا ،مسئلہ کشمیر کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور بڑی جامعات میں طلبہ کو مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی ہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ قوم کی راہنمائی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہوتی ہے، انہوں نے کہاکہ آج فلسطین اور کشمیر میں جو قتل عام ہو رہا ہے ریاست آج جہاد کا اعلان نہیں کرے گی تو کب کرے گی انہوں نے کہاکہ او آئی سی کا قیام ہی امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے ہوا تھا اسے آگے بڑھ کر امت کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے ،کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے حکومت پاکستان اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے اور سفارتی محاذ پر ہندوستان کے مظالم کو بے نقاب کرے سیاسی قیادت اور حکومت نئی حکمت عملی تشکیل دے انہوں نے کہاکہ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کریں ،قومی میڈیا اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے ۔