نہتے فلسطینیوںکا قتل عام انسانی تاریخ کا سیاہ باب ہے ‘حریت رہنمائوں اور تنظیموں کاشدید ردعمل

دنیا کی بڑی طاقتیں کمزور قوموں کے جملہ انسانی حقوق کو پیروں تلے روند رہے ہیں ‘اقوامِ متحدہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے

بدھ 16 مئی 2018 21:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے غزہ میںاسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی،،،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری اپنے بیان میں اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے نہتے اور معصوم فلسطینیوں کی شہادتوں پر شدید تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔

انہوں نے افسوس ظاہرکیاکہ دنیا کی بڑی طاقتیں کمزور قوموں کے جملہ انسانی حقوق کو اپنے پیروں تلے روند رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوںنے اسرائیلی جارحیت اور نوآبادیاتی طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو یہ حق نہیں حاصل کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا دارلحکومت بنائے۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ دنیا بھر میں مظلوموں کے خلاف ظالمانہ پالیسیوں کاجائزہ لیتے ہوئے نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے اپنا سیاسی اثرورسوخ استعمال کریں۔سیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا کہ جموںوکشمیر کے عوام غم و الم کی اس گھڑی میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ برابر شریک ہیں۔

انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر عالمی برادری اور مسلم امہ کی خاموشی کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کیاس مجرمانہ خاموشی کیوجہ سے اسرائیل کو مظلوم فلسطینیوںپر انسانیت سوز مظالم ڈھانے کا جواز فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے زیادہ فلسطینی عوام کا دکھ اور درد کوئی دوسرا بہتر طور پر نہیں سمجھ سکتا ، کیونکہ کشمیری عوام خود بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کی سب سے زیادہ شکار ہیں۔

سینئر حریت رہنمائوں آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور مولانا محمد عباس انصاری نے بھی اپنے بیانات میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے فلسطنیوں کی شہادت پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا ایک اور سیاہ باب قرار دیاہے۔انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام کے قتل عام کی ذمہ داری براہ راست اسرائیلی غاصب حکومت اور اس کی پشت پناہی کرنے والی ٹرمپ انتظامیہ پرعائد ہوتی ہے جس نے اسرائیل کوفلسطینیوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

حریت رہنمائوں جاوید احمد میر، محمد یوسف نقاش ، محمد اقبال میرمشتاق الاسلام ،بشیر احمد طوطا، دختران ملت ترجمان رفعت فاطمہ، مسلم لیگ اورووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے عصر حاضر کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب قرار دیا ہے۔