خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد اور ان کی آغوش میں قوم پروان چڑھتی ہے‘خواتین مغربی تہذیبی یلغار کے مقابلے میں گھر کے مورچوں کو مضبوط کریں ‘قرآن وسنت کی تعلیمات پر خودبھی عمل کریں اور اپنے بچوں کو ان تعلیمات سے روشناس کریں ‘ماہ مقدس میں کوشش کریں کہ قرآن کا ترجمہ کے ساتھ مطالعہ ہو جائے

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان کا جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

بدھ 16 مئی 2018 20:49

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد اور ان کی آغوش میں قوم پروان چڑتی ہے ،خواتین مغربی تہذیبی یلغار کے مقابلے میں گھر کے مورچوں کو مضبوط کریں ،قرآن وسنت کی تعلیمات پر خودبھی عمل کریں اور اپنے بچوں کو ان تعلیمات سے روشناس کریں ،ماہ مقدس میں کوشش کریں کہ قرآن کا ترجمہ کے ساتھ مطالعہ ہو جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ خواتین اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے اللہ کے دین کے ابلاغ کا کام کریں خواتین میں دین پر چلنے اور اس کو سیکھنے کی حس زیادہ ہوتی ہے اس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ،ہمارے علاقے اور خطے کی خواتین فطری طور پر اسلام سے وابستہ ہیں اور اسلامی تعلیمات اور حجاب کو پسند کرتی ہیں ان مواقعوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تا کہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ جماعت اسلامی سے وابستہ کیا جائے اور تبدیلی کے لیے ان کے کردار کو ادا کرنے کے مواقع پید ا کیے جائیں ،خواتین جب کسی ملک و معاشرے میں تبدیلی کے لیے کردار ادا کرتی ہیں تو اس ملک و معاشرے میں تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا ،مقبوضہ کشمیر کے اندر خواتین آزادی کی تحریک میں بھرپور کردار ادا کررہی ہیں ،نبی پاک ؐ کے زمانے سے لے کر آپ پوری تاریخ اگر دیکھیں تو خواتین کا بڑا واضح کردار ہے نبی پا کؐ پر جب اللہ نے وحی نازل کی تو سب سے پہلے اس کا ذکر حضرت خدیجہ ؓ سے کیا اور حضرت خدیجہ ؓ خواتین میں اسلام قبول کرنے والوں میں پہلی خاتون تھیں اور اس راستے میں آنے والی مشکلات اور آزمائشوں کو برداشت کیا یہ ہماری خواتین کے لیے پیغام ہے کہ وہ بھی صحابیات کے نقش قدم پر چلیں ،انہوں نے کہاکہ پڑھی لکھی خواتین صحابیات کی سیرت کا مطالعہ کریں اور جو خواتین پڑھ نہیں سکتیں انہیں پڑھ کر سنایا جائے انہوں نے کہاکہ خواتین تبدیلی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں جماعت اسلامی ویژن 2030لے کر نکلی ہے خواتین اس کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں۔