پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،سرمایہ کاروں کے مزید15ارب 90کروڑروپے سے زائدڈوب گئے

بدھ 16 مئی 2018 20:49

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،سرمایہ کاروں کے مزید15ارب 90کروڑروپے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کے بادل مزید گہرے ہوگئے ، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی اتارچڑھائو کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرگیا،سرمایہ کاروں کے مزید15ارب 90کروڑروپے سے زائدڈوب گئے ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت57.19فیصد کم جبکہ 53.80فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسز کی جانب سے بینکنگ، فوڈزاور توانائی سیکٹر میں کریداری کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 42568پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیاتاہم سابق وزیراعظم کے متنازعہ بیان کے تناظر میں ملک بھر میں پھیلی جانے والی بے چینی اور اس کے اثرات کے باعث مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسزاور غیر ملکی سرمایہ کار گروپس گھبراہٹ کا شکار نظر آئے اور انہوں نے سرمایہ کاری سے گریز کیاجس کے نتیجے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس 42198پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیاگیاتاہم دوسرے سیشن میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے نچلی سطح آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ریکوری آئی ، جس کے نتیجے میں 42300کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم اتار چرحائو کا سلسلہ ساری رہا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 158.33پوائنٹس کمی سے 42301.20پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر342کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا، جن میں سے 131کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ،184کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ 27کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں15ارب90کروڑ98لاکھ 38ہزار405روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 87کھرب 12ارب29کروڑ 81لاکھ 2ہزار309روپے ہوگئی۔

پیرکو7کروڑ75لاکھ26ہزار210شیئرزکا کاروبار ہواجو منگل کی نسبت10کروڑ35لاکھ 78ہزار570شیئرزکم ہے۔قیمتوں کے اتار چڑھائو کے حساب سے پاک ٹوبیکو کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت41.67روپے اضافے سے 1822.50روپے اور پنجاب آئل کے حصص کی قیمت 13.53روپے اضافے سے 296.98روپے ہوگئی۔نمایاں کمی باٹاپاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت75.00روپے کمی سے 2165.00روپے اورہینوپاک موٹرزکے حصص کی قیمت24.00روپے کمی سے 1002.14روپے ہوگئی۔

بدھ کو فیصل بینک کی سرگرمیاں51لاکھ5ہزار500شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرزکی قیمت24پیسے اضافے سے 24.39روپے اورفرسٹ دائودبینک کی سرگرمیاں 39لاکھ18ہزار شیئرزکے ساتھ دوسرے نمبرپررہیں، جس کے شیئرزکی قیمت32پیسے کمی سے 4.16روپے پر بندہوئی۔بدھ کوکے ایس ای30انڈیکس 111.48پوائنٹس کمی سے 20725.86پوائنٹس، کے ایم آئی30انڈیکس343.68پوائنٹس کمی سی72170.97پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس59.06پوائنٹس کمی سے 30672.67پوائنٹس پر بندہوا۔