کامیابی ہمارا مقدر ہے اور بھارت جلد تنازعہ کشمیر کی حقیقت کوتسلیم کرنے پر مجبور ہوجائے گا ،ْشبیر احمدشاہ

اپنی آخری سانس تک تحریک آزادی ا ور اس کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی حفاظت کرتا رہوں گا ،ْچیئر مین ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی

بدھ 16 مئی 2018 20:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ کامیابی ہمارا مقدر ہے اور وہ دن دور نہیں جب بھارت تنازعہ کشمیر کی حقیقت کوتسلیم کرنے پر مجبور ہوجائے گا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ حق میں طاقت ہے، طاقت میں حق نہیں ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہم ایک عظیم مقصد کیلئے جد و جہد کررہے ہیں اور ہمیں ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔انہوں نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کو یقین دلایا ہے کہ میں آخری سانس تک تحریک آزادی ا ور اس کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کی حفاظت کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہاکہ قید و بند کی31برس کے باوجود میرے عزم میں ذرہ برابر بھی کمی واقع نہیں ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنا غیر حقیقت پسندا نہ رویہ ترک کرے جوخطے کے پائیدار امن اور استحکام کیلئے خطرہ بنا ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ پورے خطے کی سلامتی دائو پر لگی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کودبانے ، قتل کرنے اور ظالمانہ قوانین نافذ کرنے سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

شبیر احمد شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس بات پر مطمئن ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی نئی نسل کو منتقل ہوچکی ہے۔حریت رہنمانے جموں وکشمیر کے طول و عرض میں جاری خون خرابے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوںنے حریت پسند نوجوانوں کو جنم دینے اوران کی پرورش کرنے والی مائوں کو سلام پیش کیاہے۔ انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو سیاسی طورپر حل کیا جاسکتا ہے لیکن بھارت نے پرامن جدوجہد کے تمام دروازے بند کرکے معصوم شہریوں کا خون بہایاہے۔انہوںنے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے ۔