مریدکے ‘غربت ختم کرانے کے خواب دکھا کر نوکری کا جھانسہ دیکر کمسن بچیاں فروخت کرنے والے گروہ کا انکشاف

بدھ 16 مئی 2018 20:41

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) غریب گھرانوں کی غربت ختم کرانے کے خواب دکھا کر نوکری کا جھانسہ دیکر انکی کمسن بچیاں فروخت کرنے والے گروہ کا انکشاف ، مریدکے کے محنت کش کی دو بیٹیاں گروہ نے لاہور میں ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کر دیں غریب محنت کش اور اس کی بیوی بیٹیوں کے حصول کیلئے دربدر رل گئے چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیر اعلیٰ سے بیٹیوں کی واپسی کیلئے اپیل ، مریدکے کی آبادی بھیانوالہ کے رہائشی محنت کش محمد اشفاق نے اپنی اہلیہ رضیہ کے ہمراہ داستان غم بیان کرتے میڈیا کو بتایا غربت کی وجہ سے انکے گھر میں فاقے ہیں کہ اسی گاؤں کی ملحقہ آبادی عباس نگر کا رفاقت انکے پاس لاہور داروغہ والا کے نصیر اور رخسانہ نامی خاتون کو لے کر آیا کہ انکو بچاس ہزار روپے ماہانہ پر گھر میں کام کیلئے دو کمسن لڑکیاں چاہئیں وہ انکی باتوں میں آگئے اور اپنی 13 سالہ بیٹی رمشاء اور بارہ سالہ عطیہ رانی لالچ میں آ کر پچاس ہزار روپے ایڈوانس لیکر ان کے ساتھ بھیج دیں جنہوں نے لاہور میں عرفان نامی شخص کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کر دیں بیٹیوں سے ملنے مطلوبہ شخص کے پاس گئے تو اس نے لا علمی کا اظہار کر دیا پھر تھانہ مصری شاہ کی پولیس انہیں پکڑ کر لے گئی کہ عرفان نامی شخص کے گھر چوری کر کے انکی بیٹیاں روپوش ہو گئی ہیں سود پر پیسے پکڑ کر ساٹھ ہزار روپے رشوت دیگر پولیس سے جان چھڑوائی عرفان نامی شخص سے پھر رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ انہوں نے ڈیڑھ لاکھ روپے میں اس کی بیٹیاں خریدی تھیں وہ رقم دیدیں تو بیٹیاں مل سکتی ہیں عرفان نامی شخص کو بھی سود پر پچاس ہزار روپے دیئے تو اس نے مزید ایک لاکھ ر وپے لانے کا مطالبہ کر دیا کوئی انہیں پیسے نہیں دے رہا وہ کہاں جائیں اب انہیں انکشاف ہوا ہے کہ انکی بیٹیاں لاہور دارالسلام میں ہیں چھ ماہ بعد بیٹیوں کا سراغ ملا ہے تو بیٹیاں و اپس نہیں مل رہیں انہیں کہا جا رہا ہے کہ بیٹیاں عدالت کے ذریعے ملیں گی وہ چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ انکی بیٹیاں واپس لیکر دی جائیں کیونکہ یہ گروہ با اثر ہے اور معلوم ہوا ہے غریب گھرانوں کی کمسن بچیاں غربت ختم کرنے کے بہانے فروخت کرنا اس گروہ کا دھندہ ہے کئی خاندان لٹ چکے ہیں ۔