صدر مملکت ممنون حسین کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

آپ کا اس اہم منصب پر فائز ہونا نہ صرف ملک کے لئے اعزاز بلکہ یہ علاقائی خوشحالی، امن، استحکام اور خطے میں تجارت کے فروغ کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے، صدر ممنون حسین

بدھ 16 مئی 2018 19:51

صدر مملکت ممنون حسین کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس کے سینئر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس اہم منصب پر فائز ہونا نہ صرف ملک کے لئے اعزاز ہے بلکہ یہ علاقائی خوشحالی، امن، استحکام اور خطے میں تجارت کے فروغ کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے۔

بدھ کو یہاں موصولہ مبارکباد کے خط میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افتخار علی ملک ایک تجربہ کار تاجر رہنما ہیں اور خطہ میں تجارت اور بزنس کے فروغ کیلئے ان کی خدمات غیر معمولی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افتخار علی ملک سارک چیمبر کو رکن ممالک کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم بنانے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی اور استحکام کے لئے اس آٹھ رکنی فورم کو زیادہ سے زیادہ فعال بنانے اور رکن ممالک کے درمیان زمینی، بحری اور فضائی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان مقاصد کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ خطہ کے ممالک کے درمیان مواصلاتی رابطے علاقے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بنیاد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارک کے رکن ممالک کے درمیان اختلافات کو حل کرنے کے لئے مزید قربت سے کام کرنے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

سینیئر نائب صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک نے مبارکباد کے پیغام پر صدر ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کے لئے اپنی بھر پور کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے اعزاز ہے کہ انہیں اس اہم پلیٹ فارم پر پاکستان کے مفادات کیلئے کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ انہوں نے آٹھوں ممبر ممالک کے تمام متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ خطے میںکے لوگوں کا مستقبل باہم منسلک ہے اور ہم صرف باہمی تعاون کے ذریعہ ہی غربت، بے روزگاری، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر عوامی مسائل کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

افتخار ملک نے سارک چمبر کے لئے تمام ممکنہ وسائل کے ساتھ تعاون اور مدد فراہم کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر ایک خوشحال اور مربوط جنوبی ایشیا کے لئے مضبوط تجارتی اور معاشی تعلقات کی حمایت کرتا ہے اور سارک چیمبر نے شروع دن سے جنوبی ایشیا میں معاشی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔۔