اسرائیلی سرحد پر مظاہرے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے تک جاری رہیںگے،حماس

ہزاروں فلسطینی اسرائیلی سرحد پر جمع،زخمیوں کو مصر سرحد ی حدود سے داخلہ نہیں دے رہا،صہیونی فورسز نے جانب بوجھ کر 12 صحافیوں کو درندگی کا نشانہ بنایا ،وزیر صحت باسم النعیم پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت، (کل )یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان ترکی نے (کل )او آئی سی کا اجلاس طلب کر لیا ،اسلام آباد کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے سعودی عرب کی درخواست پر عرب لیگ کا اجلاس طلب،(کل)قاہرہ میں ہوگا

بدھ 16 مئی 2018 19:18

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2018ء) حماس کے وزیر صحت باسم النعیم نے غزہ کا چاروں جانب سے گھیرا فوری اور غیر مشروط طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی سرحد پر مظاہرے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ گزشتہ روز ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے حماس کے وزیر صحت باسم النعیم نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں دو فلسطینی شہید اور 400 سے زائد زخمی ہوئے،ہزاروں فلسطینی اب بھی اسرائیلی سرحد پر جمع ہیں جبکہ 60 شدید زخمیوں کو مصر سرحد سے داخلہ نہیں دے رہا،اسرائیل نے 12 صحافیوں کو بھی جان بوجھ کر نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 2روز کے دوران فائرنگ سے 60 سے زائد فلسطینی شہید اور 2400سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

14 مئی کو غزہ کی پٹی پر مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے فیصلے کیخلاف احتجاج میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں نے شرکت کی،تاہم اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے معصوم بچوں سمیت 60 سے زائد افراد شہید اور 2700 سے زائد زخمی ہوگئے۔

30 مارچ سے شروع ہونے والی تازہ ترین فلسطینی تحریک میں اب تک 100 کے قریب فلسطینی شہید اور 10 ہزار 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔پاکستان کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کیخلاف طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے (کل )جمعہ کو 'یوم یکجہتی فلسطین' منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔دوسری جانب ترکی نے 18 مئی کو غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا ہے،جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔جبکہ سعودی عرب کی درخواست پر عرب لیگ کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے،جو (کل)جمعرات کو مصری دارالحکومت قاہرہ میں ہوگا۔