انڈس معیار ی طبی سہولیات فراہم کرنے والا بہترین اسپتال ہے،گورنرسندھ

پیپر لیس کمپیوٹرائزڈ اسپتال سے سالانہ لاکھوں مریض مفت طبی سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں،محمد ز بیر انڈس ہیلتھ نیٹ ورک عوامی مفاد کیلئے اپنے نئے اہداف حاصل کررہا ہے جو خوش آئند ہے،دورہ کے موقع پر گفتگو

بدھ 16 مئی 2018 18:41

انڈس معیار ی طبی سہولیات فراہم کرنے والا بہترین اسپتال ہے،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ انڈس معیار ی طبی سہولیات فراہم کرنے والا اسٹیٹ آف دی آرٹ پیپر لیس کمپیوٹرائزڈ اسپتال ہے جہاں سے لاکھوں مریض مفت طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کررہے ہیں ،انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت پورے ملک میں موذی امراض کے خاتمہ کے لئے شروع کئے جانے والے پروگرامز قابل ستائش ہیں ، عالمی تعاون ، تحقیق اور ترقیاتی عمل کے ذریعہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک عوامی مفاد کے لئے اپنے نئے اہداف حاصل کررہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈس ہسپتال ، کورنگی کیمپس کراچی کے دورہ کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرڈاکٹر عبدا لباری خان نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے ضمن میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے ہسپتالوں کے نیٹ ورک کے ذریعہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک (IHN) 2007 ء سے لاکھوں ضرورت مند مریضوں کو بہترین اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کررہا ہے جو کہ قابل تحسین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیٹ ورک کا آغاز کو رنگی ، کراچی کے ہسپتال سے ہوا اور آج یہ پاکستان کے 11 بہترین ہسپتالوں کا انتظام چلارہا ہے ، بلا شبہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے قیام سے پاکستان میں صحت عامہ کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں آرہی ہیں ، عوامی مفادمیں نیٹ ورک اپنا دائرہ کار بھی مزید بڑھارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو طبی سہولیات حاصل ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے قیام سے اب تک مفت اور معیاری علاج سے مستفید ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 کروڑ 70 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ہے ، ادارہ سے معیاری صحت کی سہولیات کے باعث ہی مستحق ، غریب اور مالی مشکلات کا شکار افراد بڑی تعداد میں علاج سے مستفید ہور ہے ہیں اس کا اندازہ 2016-17 ء کی رپورٹ سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اب اس ہیلتھ نیٹ ورک سے استفادہ حاصل کرنے والے مریضوں کی تعدادسالانہ 12 لاکھ 92 ہزار 394 ہوچکی ہے جس میں سے زکوٰة کے اہل مریضوں کی شرح 70 فیصد ہے ۔

گورنرسندھ نے کہا ہے کہ صحت و تعلیم کے شعبوں میں نجی شعبہ کی خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں انڈس ہسپتال نے ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے جس کی بڑی وجہ اس کی انتظامیہ کی مخلصانہ کاوشیں ہیں ۔انہوں نے اسپتال کی توسیع اور مسائل کے حل میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس ضمن میں متعلقہ اداروں سے بات کریں گے ۔

گورنرسندھ نے ہسپتال کے چاروں فلور زکا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے وہاں زیر علاج مریضوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے بھی آگاہی حاصل کی ۔ گورنرسندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت 11ہسپتال کام کررہے ہیں جن میں انڈس ہسپتال ، کورنگی کیمپس ، کراچی 300 بستروں پر مشتمل کثیر الشعبہ ہسپتال میں 150 بستروں پر مشتمل پیڈیا ٹرک کمپلیکس بھی شامل ہے ، توسیعی منصوبہ کی تکمیل کے بعد ہسپتال میں پیڈیا ٹرک کینسر یونٹ اور بستروں کی تعداد 996 ہو جائے گی جبکہ شیخ سعید میمو ریل کیمپس ، کورنگی ، کراچی 74 بستروں پر مشتمل ہے اس ہسپتال میں گائنا کولوجی کی مکمل سہولیات دستیاب ہیں ، انڈس ہسپتال ، الفاخر ٹرسٹ کیمپس ، پی آئی بی ، کراچی 20 بستروں پر مشتمل ہے ،یہاں فیملی میڈیسن کلینک ، تشخیصی سہولیات اور ڈائیلیسس یونٹ بھی قائم ہے ، انڈس ہسپتال الغازی ٹرسٹ کیمپس بھونگ ، رحیم یار خان 40 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال میں مائوں اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کی خصوصی خدمات دستیاب ہیں ۔

گورنرسندھ کو مزید بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے نیٹ ورک کو 7 ہسپتالوں کا انتظام حوالے کیا ہے جہاں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ گورنرسندھ کو مزید بتایا گیا کہ نیٹ ورک ، ملیریا ، ٹی بی اور دیگر بیماریوں کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے علاج معالجہ کے لئے بھی خصوصی اقدامات کررہا ہے