آئی جی سندھ کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کا دورہ

بدھ 16 مئی 2018 18:28

آئی جی سندھ کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کا دورہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹریز کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک، چیرمین لاء اینڈ آرڈر کمیٹی ندیم خان اور دیگر نے انکا استقبال کیا اور انکی آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ کاٹی کے صدر نے اپنے خطاب میں کورنگی صنعتی ایریازمیں تاجربرادری کو اراضی واگزاری سمیت دیگر درپیش مسائل کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے امن وامان کی صورتحال پر کنٹرول کے حوالے سے کراچی پولیس کے اقدامات کی تعریف کی اور اس ضمن میں آئی جی سندھ کے احکامات کے تناظر میں دیگر سینئر پولیس افسران کی تمام تر سنجیدہ کاوشوں کو سراہا۔

اے ڈی خواجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بحیثیت آئی جی سندھ میں نے تمام تر محکمانہ امور کو میرٹ کی بنیاد پر انجام دیئے ہیں اور اس حوالے سے تمام سینئر پولیس افسران نے بھی ایک ٹیم کی حیثیت سے میرا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

جسکا بین ثبوت کراچی پولیس کی گزشتہ دو سالوں پر مشتمل کارکردگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کے مختلف تھانہ جات میں سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سہولیات سے آراستہ 85 پولیس رپورٹنگ سینٹرز کام کررہے ہیں جہاں تعینات اسٹاف عوام کی شکایات اور دیگر درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کے تحت ہرممکن مثبت اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سے وابستہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اور علاقہ معززین کو چاہئے کہ وہ تھانہ جات کو کچھ وقت دیں جسکا مقصد پولیس کارکردگی دیکھنا اور عوام کا پولیس پر اعتماد جیسے اقدامات کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رواں کے آخر تک سندھ کی تمام جیلز میں سی آر اوCRO نظام باقاعدہ عمل درآمد کا آغاز کردیا جائیگا جس سے ناصرف پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئیگی بلکہ سندھ اور پنجاب پولیس کا کریمنلز ریکارڈ ڈیٹا باہم منسلک اور آن لائن ہونیکی بدولت ملزمان کا ریکارڈ چیک کرنیکے ساتھ ساتھ انکی گرفتاری جیسے اقدامات میں بھی نمایاں کامیابی یقینی ہوجائیگی۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں جبکہ پولیس تفویض کردہ فرائض کی ادئیگیوں میں انکے شانہ بشانہ اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار سے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور آزاد کاروباری سرگرمیوں کو یقینی بناتی ہے۔