صحت مند انسان ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں ،وسیم اختر

بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایک روزہ ’’مفت بلڈ اسکریننگ کیمپ‘‘ کا انعقاد خوش آئند ہے،میئر کراچی

بدھ 16 مئی 2018 18:19

صحت مند انسان ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں ،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ صحتمند انسان ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں عوام میں ان کی صحت سے متعلق آگہی بیدار کرنے کیلئے ہر سطح پر ایسے پروگراموں کا انعقاد ضروری ہے جس سے لوگوں کو اپنے بارے میں یہ معلوم ہوسکے کہ وہ بذاتِ خود کتنے صحتمند ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کو مہنگائی کے اس دور میں مختلف طبی ٹیسٹ کی مد میں ہونے والے اخراجات سے بچانے کے لئے ایک روزہ ’’مفت بلڈ اسکریننگ کیمپ‘‘ کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں ملازمین کے خون کے نمونے لے کر انہیں ان کی صحت سے متعلق آگہی فراہم کی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز اور مقامی این جی او وینڈر جنکشن کے اشتراک سے کے ایم سی بلڈنگ میں منعقدہ ایک روزہ بلڈ اسکریننگ مفت کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، چیئر پرسن ہیلتھ کمیٹی ناہید فاطمہ، مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور وینڈر جنکشن کے کنسلٹنٹ محمد علی جناح سمیت دیگر افسران اور ملازمین بھی موجو دتھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس کی گئی تو آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا تاکہ ملازمین کو اپنے ادارے میں ہی صحت کی بنیادی سہولیات مہیا ہوسکیں اور وہ اپنا ٹیسٹ کرانے کیلئے دیگر اسپتالوں اور لیبارٹریز میں جانے اور چکر لگانے سے محفوظ رہ سکیں اور ان کے پیسے اور وقت دونوں کی بچت ہوسکے، انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو ویسے بھی اہمیت حاصل ہے اگر ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ایک صحتمند اور مہذب معاشرہ تشکیل نہ پا سکے ، انہوں نے کہا کہ ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے میں جہاں تک ممکن ہوسکے سہولیات فراہم کرے، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ ’’بلڈ اسکریننگ کیمپ‘‘ کے انعقاد کا مقصدادارے کے ملازمین کو ان کے اپنے ہی ادارے میں طبی سہولیات کی فراہمی ہے، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل نے میئر کراچی وسیم اختر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس بلڈ کیمپ میں مجموعی طور پرمختلف محکموں کے 1735افسران اور ملازمین کے خون کے نمونے حاصل کر کے چکن گونیا، ملیریا، ڈینگی فیور، ہیپا ٹائٹس B اور C اور HIV ایڈز جیسی مہلک بیماریوں کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کئے گئے اور اسکریننگ کے ذریعے فوری طور پر رپورٹ فراہم کردی گئی ہے۔