ڈائو یونیورسٹی میں طلبہ میں تقسیم لیپ ٹاپ کی تقریب انعقاد

بدھ 16 مئی 2018 18:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ کمپیوٹر کا علم اعلی تعلیم کا حصول میں انتہائی معاون و مدد گار رہے گا، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیے بغیر ترقی کی راہیں نہیں کھل سکتیں،انہوں نے یہ بات ڈائو یونیورسٹی اجھا کیمپس کے عبدالقدیر خان لیکچر ہال میں یونیورسٹی کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 80 طلبہ میں وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ملنے والے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور، پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد، لیپ ٹاپ اسکیم کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر مکرم علی سمیت دیگر موجود تھے۔ پروفیسر سعید قریشی نے لیپ ٹاپ ملنے پر طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت چوتھا مر حلہ ہے، مزید طلبہ کو بھی آئیندہ دنوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور ایک اسپیشل طالبہ کو جو اسٹیج تک آنے سے قاصر تھی،پروفیسر سعید قریشی اسکی نشست پر جاکر لیپ ٹاپ دیا۔