ایم کیوایم بہادر آباد کی فاروق ستار کو دوبارہ واپسی کی پیشکش

فاروق بھائی سمیت سب عوامی رابطہ مہم کا حصہ بنیں، انتخابات کی تیاریوں کیلئے بھی ہمیں صف بندی کرنی ہے،رابطہ کمیٹی

بدھ 16 مئی 2018 18:12

ایم کیوایم بہادر آباد کی فاروق ستار کو دوبارہ واپسی کی پیشکش
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) ایم کیوایم بہادرآباد گروپ نے فاروق ستار سمیت تمام ارکان و ذمہ داران کو دوبارہ واپسی کی پیشکش کردی ہے جبکہ نوازشریف کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم بہادرآباد گروپ ایک بار پھر تمام اختلافات ختم کرنے کا عندیہ دیے دیا، رابطہ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں سیا سی وتنظیمی صورتحا ل ،نگران حکومت ،نواز شریف کے بیان پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فاروق ستار کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے بیان پر مشاورت کی گئی۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ تلخیاں اور گلے شکوہ ختم کریں اور سب بہادر آباد واپس آئیں۔رابطہ کمیٹی کے بیان میں پی آئی بی گروپ کو پیشکش کی گئی کہ تمام اختلافات ختم کرکے انتخابات کی تیاری کرتے ہیں،فاروق بھائی سمیت سب عوامی رابطہ مہم کا حصہ بنیں، انتخابات کی تیاریوں کیلئے بھی ہمیں صف بندی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے نوازشریف کا بیان قابل مذمت قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار پارٹی سربراہی چھوڑتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے خیرات میں کنوینر شپ نہیں چاہیے، کارکن بن کر ایم کیو ایم کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔فاروق ستار نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کل الیکشن میں کوئی گڑبڑ ہوگئی تو سارا ملبہ میرے سر پر ہوگا، اقتدار کی سیاست ساتھیوں کو مبارک ہو ۔