اپنے حلقہ میں عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر دیے، اربوں روپے کی مالیت سے 100سے زائد دیہاتوں میں گیس فراہم کی، مسلم لیگ ن پورے ملک میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

بدھ 16 مئی 2018 17:10

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمدنے کہا کہ اپنے حلقہ میں عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر دیے، اربوں روپے کی مالیت سے 100سے زائد دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا، مسلم لیگ ن پورے ملک میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، ان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے نواز شریف کی حب الوطنی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک کے نواحی گائوں اکھوڑی اور محمو د آباد میں فراہمی گیس کے دو منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور ، چئرمین میونسپل کمیٹی ناصر محمود شیخ ، ضلعی سینئر نائب صدرمسلم لیگ ن سلیم شہزاد ،معززین ،علاقہ جن میں کامی خان، فخر داد ایڈوکیٹ ، سردار کیفی خان ، ملک گلفام شاہ ، ملک خالد کے علاوہ علاقے کی با اثر شخصیات اورعوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آج کے فراہمی گیس کے منصوبوں سے مذکورہ علاقے کے 1300خاندان مستفید ہوں گے جبکہ اس روٹ پر دو ارب روپے کی لاگت سے 7گائوں جن میں ہمک ، بوٹا ، ڈھوک سواں ، ڈھوک جوندہ ، ناوا ، کنجور اور بریار شامل ہیں عوام کو گیس کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے سیاست دانوں نے ان علاقوں کی محرومیوں کو نہیں سمجھا، ان دور دراز علاقوں میں ضعیف العمر مردو خواتین اپنا چولہہ جلانے کیلئے سارا سارا دن لکڑیاں اکٹھی کرتے تھے،اب وہ اس زحمت سے بچ گئے ہیں، وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی کے علاوہ اٹک کے تعلیمی میدان میں بارانی یونیورسٹی کا قیام ضروری تھا جو کہ بڑی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے جبکہ اس علاقے میں طلبا و طالبات کی سہولت کیلئے میڈیکل کالج کی عمارت کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے سے پاکستان میں نوجوانوں کو روز گار فراہم ہو گا، اس موقع پر شیخ سلمان سرور چئرمین میونسپل کمیٹی ناصر محمود شیخ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔