میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ شہادت کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز

بدھ 16 مئی 2018 16:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمرفاروق کی قیادت حریت فورم کے زیر اہتمام معروف آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ شہادت کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر عوامی مجلس عمل اورمیرواعظ فورم کے صدر دفاتر کے علاوہ اسلام آباد، کپواڑہ، ہندواڑہ، لنگیٹ، ڈورس لولاب، کرالہ پورہ، دری ہرے ، لالپورہ،آدی پورہ، ہب ڈانگرپورہ ، وار پورہ، پٹن، قاضی گنڈ، شوپیاں،بڈگام ، چاڈورہ، پکھرپورہ، سوپور ، بارہمولہ، گاندربل، کولگام، پلوامہ اوربانڈی پورہ میں قرآن خوانی کی محافل کا منعقد کی گئیں ۔

عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل پر قرآن خوانی کی تقریب میں میرواعظ عمر فارو ق کے علاوہ دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جس کے بعد انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام حسن قرأت کی ایک محفل منعقد ہوئی جس کی صدار ت میر واعظ عمر فاروق نے کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مقابلہ حسن قرأت میںجیتنے والوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر جج کے فرائض قاری ریاض الحق قاسمی، قاری محمد اشتیاق، اور قاری اعجاز احمد مسعودی نے انجام دیے جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ایم ایس رحمن شمس نے انجام دیئے۔ جامع مسجد سرینگر کے خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے اس موقع پر میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔ تقریب میں بزرگ عالم دین مفتی محمد عبداللہ قاسمی ، مولانا عنایت اللہ ، مفتی غلام رسول سامون، مولوی محمد یاسین شاہ ، مولوی الطاف احمداور الحاج عبدالحمید موجود تھے۔