اصغر خان کیس ،ْ سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش

بدھ 16 مئی 2018 15:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) اصغر خان کیس کی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کو طلب کرلیا جس پر مرزا اسلم بیگ کمیٹی میں پیش ہوئے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے اپنے فیصلے میں حکومت کو اصغر خان کیس پر عملدرآمد کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کیس کے فیصلے کی روشنی میں قانون کیمطابق کارروائی کریں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ اور سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اسد درانی کو تحقیقات کیلئے طلب کیا۔سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ کمیٹی میں پیش ہونے کیلئے اسلام آباد میں ایف آئی اے کے ہیڈ کوارٹر پہنچے ۔ذرائع کے مطابق مرزا اسلم بیگ اور اسد درانی کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی نے گزشتہ روز طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے احسان صادق تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہیں اور کمیٹی میں ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان اور قانونی معاونت کیلئے ڈائریکٹر لاء علی شیر جاکھرانی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔