کیا شہباز شریف آپ کے ساتھ ہیں ؟ احتساب عدالت کے باہر صحافی کے سوال پر نواز شریف چُپ رہے

شہباز شریف ، نواز شرف کے ساتھ ہیں،مریم نواز کی وضاحت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 مئی 2018 15:10

کیا شہباز شریف آپ کے ساتھ ہیں ؟ احتساب عدالت کے باہر صحافی کے سوال پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2018ء) : سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد مسلم لیگ ن اور شریف خاندان کی آپسی لڑائیوں اور اختلافات سے متعلق بہت سی خبریں آئیں لیکن ان کی تردید کر دی گئی۔ سپریم کورٹ سے نااہلی اور پارٹی صدارت کا عہدہ چھن جانے کے بعد نواز شریف نے ملکی اداروں کو آڑے ہاتھوں لینے کی نئی حکمت عملی اپنا لی۔ اپنے متعدد بیانات میں انہوں نے عدلیہ اور نیب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نیب میں جاری کیسز ہمارے خلاف ایک انتقامی کارروائی ہے۔

ملکی اداروں کے خلاف اپنائی گئی حکمت عملی پر یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا شہباز شریف بھی اس معاملے پر اپنے بھائی کے ساتھ ہیں؟ شہباز شریف نے کئی مقامات پر اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی حمایت کی لیکن کچھ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اس نئی پالیسی پر شہباز شریف کا بھی ان سے اختلاف ہے البتہ وہ بڑے بھائی کے احترام میں نواز شریف سے کچھ نہیں کہتے اور ان کا ہر حکم بجا لاتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا پر آج کل نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق حالیہ بیان پر کافی واویلا ہے ، نواز شریف کے اس بیان پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ نواز شریف کی ریاست کے خلاف اپنائی گئی اس نئی حکمت عملی پر عوام کو بھی سخت تشویش ہے۔ آج صبح احتساب عدالت کے باہر ایک صحافی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے سوال کیا کہ کیا شہباز شریف بھی آپ کی اس پالیسی پر آپ کے ساتھ ہیں؟ صحافی کا سوال سُن کر نواز شریف نے کوئی جواب نہیں دیا اور چُپ کر کے آگے نکل گئے۔

صحافی نے احتساب عدالت کے باہر سوال دوہرایا تو مریم نواز نے آگے بڑھ کر صحافی کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ جی شہبازشریف نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف کی نئی پالیسی پر ان کی پارٹی میں بھی کئی اختلافات پائے جاتے ہیں جبکہ کئی رہنماؤں نے تو نواز شریف کے حالیہ بیان پر ان کا دفاع کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔