کے الیکٹرک نے چیف جسٹس کا حکم بھی ہوا میں اڑا دیا، لوڈ شیڈنگ جاری

ْپہلے گیس کی کم فراہمی اور اب پرزے کی خرابی کا بہانہ بناکر کراچی میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے

بدھ 16 مئی 2018 15:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) کے الیکٹرک نے سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی نظر انداز کردیا اور شہر میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔عدالتی حکم کے باوجود کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ نارتھ کراچی اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہی۔ کراچی یونیورسٹی ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی اسیکم 33 اور فاطمہ جناح کالونی نارتھ کراچی میں کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف علاقوں میں 10 سے 15 گھنٹے بجلی غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔ مستثنیٰ علاقوں میں بھی 3 سے 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ رمضان کی آمد کے باوجود کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کم نہ کی۔ پہلے کے الیکٹرک نے گیس کی مطلوبہ مقدار نہ ہونے کا بہانہ بنایا تھا اور اب بن قاسم پاور اسٹیشن کے پرزے کی خرابی کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔پرزے کی تبدیلی کا کام 20 مئی تک مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔ شہری پریشان ہیں کہ رمضان میں کے الیکٹرک ان کے ساتھ کیا کرے گا۔ محکمہ موسمیات بھی رمضان کے پہلا ہفتے میں شدید گرمی کا امکان ظاہر کرچکا ہے۔