سندھ کے نگراں وزیر اعلی کے لئے تین نام سامنے آ گئے

سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کا نگراں وزیر اعلی کے لئے این ڈی خان،ناصر اسلم زاہد اور سید مرتضی وہاب کے ناموں پر اتفاق

بدھ 16 مئی 2018 15:28

سندھ کے نگراں وزیر اعلی کے لئے تین نام سامنے آ گئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) سندھ میں نگراں وزیر اعلی کے لئے تین نام سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے نگراں وزیر اعلی کے لئے این ڈی خان،ناصر اسلم زاہد اور سید مرتضی وہاب کے ناموں پر اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے دعویٰ کیاکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے تینوں افراد کے ناموں کی تجویز کا مقصد اپوزیشن سے اتفاق رائے کیلئے ہے تاکہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن جائے بغیر ہی حل ہو جائے۔

پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور سندھ حکومت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں جسٹس ریٹائرڈ غلام سرور کورائی کا نام بھی زیر غور آیا تاہم اپوزیشن سے اتفاق رائے نہ ہونے کے خدشے کے تحت این ڈی خان،ناصر اسلم زاہد اور سید مرتضی وہاب کے نام زیر غور آسکتے ہیں۔ذرائع نے یہ بھی دعوی کیاکہ این ڈی خان اور سید مرتضی وہاب کے ناموں پر اپوزیشن اختلاف کر سکتی ہے تاہم ناصر اسلم زاہد کے نام پر اپوزیشن رضامند ہو سکتی ہے۔