صوبے میں 17ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے،

تقریباً 2لاکھ کے عملے کو تربیت بھی دی جائے گی، الیکشن کمشنر سندھ الیکشن ریفارمز کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ڈی آر اوز نے حلف اٹھایا ہے جبکہ الیکشن ہر لحاظ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے،محمدیوسف خٹک

بدھ 16 مئی 2018 15:28

صوبے میں 17ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے کہاہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں صوبے بھر میں 17 ہزار 627 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ تقریباً 2لاکھ کے عملے کو تربیت بھی دی جائے گی۔بدھ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں الیکشن 2018 کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی سمیت سندھ کے تمام ڈی آر اوز نے ورکشاپ میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خٹک نے عام انتخابات میں ڈپٹی ریٹرننگ آفیسرز کی ذمہ دارایاں نبھانے والے 29 سیشن ججز سے بطور ڈسڑکٹ ریٹرننگ افسران حلف لیا۔میڈیا سے بات چیت میں صوبائی الیکشن کمیشن محمدیوسف خٹک نے کہا کہ آج صوبہ سندھ کے تمام ڈی آر اوز کی تربیت اور آگاہی کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے ورکشاپ منعقد کی گئی ۔تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے اور عام انتخابات کی سیکورٹی کے لئے موثر پلان ترتیب دیا جاچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ریفارمز کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ڈی آر اوز نے حلف اٹھایا ہے جبکہ الیکشن ہر لحاظ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔