نواز شریف پر غداری کے مقدمے سے متعلق عدالت نے فیصلہ سنا دیا

سیکرٹری داخلہ دیکھیں نوازشریف کے بیان پر آرٹیکل 6 لگتا ہے یا نہیں ‘ لاہور ہائیکورٹ سابق وزیراعظم کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کیلئے دائر درخواست سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی گئی

بدھ 16 مئی 2018 14:05

نواز شریف پر غداری کے مقدمے سے متعلق عدالت نے فیصلہ سنا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لیے دائر درخواست سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری داخلہ دیکھیں کہ اس معاملہ پر آرٹیکل 6 لگتا ہے یا نہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا، نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نواز شریف کے خلاف غداری کے آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کا حکم جاری کرے۔ درخواست گزار نے عدالتی حکم پر نیشنل سکیورٹی کونسل کی آفیشل پریس ریلیز عدالت میں پیش کر دی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری داخلہ دیکھیں کہ اس معاملہ پر آرٹیکل 6 لگتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے درخواست سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی۔