ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے سسٹم میں دس ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا گیا

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 16 مئی 2018 13:38

ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے سسٹم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے‘ سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ سے زائد اضافہ کیا گیا ہے‘ کراچی میں بجلی اور گیس کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کی گئیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین کی جانب سے کٹوتی کی تحریکوں کے دوران اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تو ملک میں 18‘18 گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی‘ صنعتیں بند تھیں‘ بجلی کے ساتھ ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ بھی ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ان مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کیں۔ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا گیا‘ ان اقدامات کی وجہ سے سسٹم میں دس ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایل این جی کی درآمد سے صنعتوں اور سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کیڈ کے تحت چلنے والے سرکاری سکولوں اور کالجز کی حالت زار میں بہتری لائی گئی ہے۔

فیس کی شرح میں کمی کی گئی‘ سکولوں اور کالجز کو اضافی بسوں کی فراہمی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات میں کوئی حقیقت نہیں‘ پبلک سروس کمیشن میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں اور کوٹہ سسٹم پر سو فیصد عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم معائنہ کمیشن ایک خاص طریقہ کار کے تحت کام کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ کے الیکٹرک کے مسائل کے حل کے لئے حکومت نے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔ قومی اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے ارکان کے علاوہ نیپرا کی ٹیم کو کراچی بھیجا گیا تھا اس کے علاوہ وزیراعظم خود بھی کراچی گئے تھے۔