غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے‘ عائشہ سید

بدھ 16 مئی 2018 13:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) جماعت اسلامی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ غزہ میں دنیا کے تمام مذاہب کے قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے‘ اس صورتحال پر سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس فوری طلب کیا جائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مذہب کا قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیتا مگر غزہ میں نہتے فلسطینوں کے معاملے پر مسلم امہ اور عالمی برادری خاموش کیوں ہے‘ فلسطینیوں کی جانوں سے کھیلا جارہا ہے۔

ایک طرف شام اور کشمیر میں بے دردی سے لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے اسی طرح کی دہشت گردی اور خوف پھیلایا جارہا ہے جو انتہائی بزدلانہ ہے۔غزہ کی صورتحال پر فوری طور پر سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔