مسلم لیگ ن کے رہنما میر ظفر اللہ جمالی کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان

میر ظفر اللہ جمالی نے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 مئی 2018 13:18

مسلم لیگ ن کے رہنما میر ظفر اللہ جمالی کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما میر ظفر اللہ جمالی نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میر ظفر اللہ جمالی نے خود قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرنے کے بعد بعد  وزیراعظم  اور اپوزیشن لیڈر سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا نیب چیئرمین کو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے تعینات کیا۔ حکومت چیئرمین نیب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں  ہے تو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر استعفی دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو برا بھلا کہا جا رہا ہے اور اسمبلی میں جھوٹ بولا گیا۔یاد رہے کہ میر ظفر اللہ جمالی  2013 ء کے عام انتخابات میں اپنے آبائی علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے بطور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

الیکشن میں کامیابی کے بعد میر ظفر اللہ جمالی نے مسلم لیگ ن  میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ خیال رہے کہ میر ظفراللہ جمالی کئی دہائیوں سے سیاست سے وابستہ ہیں۔ وہ 1996 ء سے 1997 ء تک  وزیراعلیٰ بلوچستان رہے۔میر ظفر اللہ جمالی 2002 ء سے 2004 ء تک وزیراعظم  کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ اپنے سیاسی دور میں انہوں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔ تاہم اب انہوں نے چئیر مین نیب کے معاملے پر نہ صرف خود مستعفی ہونے کا اعلان کیا بلکہ انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی استعفیٰ دے دیں۔