ملک سے غداری کرنے والے کا ایک ہی علاج ہے

غدار کے سینے میں گولی ٹھوک دو، جنرل (ر) امجد شعیب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 مئی 2018 13:00

ملک سے غداری کرنے والے کا ایک ہی علاج ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے کہا کہ مشرف نے کشمیر سے متعلق بیان دیا تھا لیکن باقی لوگوں کے بیانات مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہئیے کہ وطن کے ساتھ غداری چاہے کوئی بھی کرے، اس کا علاج صرف اور صرف ایک ہے۔ اور وہ علاج یہ ہے کہ اس کے سینے میں گولی ٹھوک دی جائے۔

وطن وطن ہے ، یہ کسی کی اجارہ داری نہیں ہے کہ کوئی کہے صرف میں ہی اس کا مالک ہوں۔ اس ملک میں جو 22 کروڑ لوگ رہ رہے ہیں ان سب کا حق ہے اس وطن پر،ہمیں کوئی حق نہیں ہے کہ ہم ان کی زندگیاں بیچ کر اپنے لیے عیاشی کا سامان پیدا کریں۔  لیکن آج پاک فوج جو کردار ادا کر رہی ہے اس کی وجہ کچھ اور ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ اس ملک  کے دو مسئلے ہیں، ایک تو گورننس کا مسئلہ ہے، اگر اس ملک کی گورننس ٹھیک ہو جائے تو ضرب عضب کے ثمرات مل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو ضرب عضب کے فوائد حاصل ہوں تو آپ کو ملک کی گورننس ٹھیک کرنا ہو گی۔ دوسرا انہوں نے کہا تھا کہ کراچی میں کرپشن اور جرائم کا ایک گٹھ جوڑ ہے جس سے دہشتگردی ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق ایک متنازعہ بیان دیا تھا جس پر ان کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، نواز شریف کے حالیہ بیان کو لے کر بھارت نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کے خلافد پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے۔ نواز شریف کے بیان کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کو جس بدنامی کا سامنا کرنا پڑا اس پر عوام کی جانب سے شدید رد عمل آیا ، اور تو اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر سابق وزیرا عظم نواز شریف کے خلاف ٹرینڈ چلتے رہے جن میں ''غدار نواز'' سب سے ٹاپ پر تھا۔