نواز شریف اور مریم نواز کےخلاف بڑا قدم اٹھا لیا گیا

نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر مریم نواز کے چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام کی حیثیت سے استعفے پر نام کی غلطی کیخلاف اپیل مسترد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 مئی 2018 12:58

نواز شریف اور مریم نواز کےخلاف بڑا قدم اٹھا لیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 مئی۔2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔

درخواست میں وزارت داخلہ اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کسی بھی وقت فرار ہوسکتے ہیں، عدالت دونوں کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس پاناما کیس میں نواز شریف کو نا اہل کیے جانے کے فوراً بعد بھی شریف خاندان کے افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں شریف خاندان کے خلاف دائر کرپشن ریفرنس کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) نے بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی تاہم تمام درخواستوں پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا جاسکا ہے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کے چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام کی حیثیت سے استعفے پر نام کی غلطی کیخلاف اپیل مسترد کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے سید اقتدار حیدر کی اپیل پر فیصلہ سنایا، اپیل میں بتایا گیا کہ مریم صفدر نے چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام کے عہدے سے استعفیٰ دیا، حکومت نے استعفے کا نوٹیفکیشن مریم نواز کے نام سے جاری کیا جو غلط ہے۔اپیل کنندہ کے مطابق شناختی کارڈ پر بھی مریم نواز کی بجائے نام مریم صفدر لکھا ہے، عدالت نے نام کی غلطی کےخلاف اپیل مسترد کر دی۔