قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے دوران وقفے وقفے سے بجلی کا بریک ڈائون

گدو مظفر گڑھ ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے ایسا ہوا، تحقیقات کا حکم دیا ہے، سپیکر کے استفسار پر وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کا جواب

بدھ 16 مئی 2018 12:23

قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے دوران وقفے وقفے سے بجلی کا بریک ڈائون
اسلام آباد۔ 16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں بدھ کو بجٹ کی منظوری کے عمل کے دوران وقفے وقفے سے بجلی کا بریک ڈائون جاری رہا اور ایوان متعدد مرتبہ تاریکی میں ڈوبتا نظر آیا۔ سپیکر کے استفسار پر وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ایوان کو بتایا کہ گدو مظفر گڑھ ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے ملک کے شمالی حصے میں بجلی کا بریک ڈائون پیدا ہوا۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کا علاقہ اس بریک ڈائون کی زد میں نہیں آیا تاہم کے پی کے سمیت شمالی حصہ اس سے متاثر ہوا ہے۔ ہم نے تحقیقات کا حکم دیا ہے جس کی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ ایوان میں بریک ڈائون کی وجہ سے مکمل تاریکی کا ازالہ بعض ارکان نے اپنے موبائل فون کی روشنی سے کرنے کی بھی کوشش کی اور اس دوران اپوزیشن ارکان کی طرف سے بعض ریمارکس بھی دیئے گئے کہ ’’ تبدیلی آگئی ہے‘‘ جبکہ حکومتی ارکان کی طرف سے اس کے جواب میں کہا گیا کہ یہ تکنیکی معاملہ ہے اس کو اس انداز میں نہ لیا جائے۔