Live Updates

ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ

احتساب عدالت آمد پر نواز شریف کا سوال ، آج اندھیرا اندھیرا کیوں ہے؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 مئی 2018 11:56

ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2018ء) : العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاجزادی مریم نواز احتساب عدالت پہنچے۔ عدالت پہنچنے پر نواز شریف نے سوال کیا کہ آج اندھیرا اندھیرا کیوں ہے ؟ آج لائٹ کیوں بند ہے ؟ جس پر ایک صحافی نے انہیں جواب دیا کہ میاں صاحب آپ کے آتے ہی بجلی چلی گئی ہے۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔

عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث گواہ واجد ضیا پر اپنی جرح جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ایک صحافی نے لکھا کہ احتساب عدالت میں بغیر بجلی بیٹھنے پر میاں صاحب کو بالآخر پسینہ آ ہی گیا لیکن بجلی ابھی تک نہیں آئی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ تربیلہ پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاﺅن ہوگیا ہے۔

قومی پاورکنٹرول سینٹرکے حکام مطابق لاہور، ملتان، بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کا بریک ڈاﺅن ہوا ہے۔بجلی کی بندش سے لاہور میں صبح 6بجے سے پانی بھی غائب ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن کے مطابق تربیلہ سے شروع ہونے والی ٹرپنگ سے چاروں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس بھی ٹرپ کر گئے، جس سے پنجاب اور خیبرپختون خواہ کے متعدد شہروں میں بجلی کی بحالی معطل ہوگئی۔

حکام نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی جلد بحالی کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔سوات میں صبح 10 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ لکی مروت، ملتان اور بہاولپور اور گرد و نواح میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی کی سپلائی بند ہے۔چکوال اور اس کے گرد و نواح میں ساڑھے 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی، بلوچستان اور سدرن پنجاب میں صورتحال ٹھیک ہے، عارضی مسئلہ ہے جلد بند پاور پلانٹس بحال ہوجائیں گے اور ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 20 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے۔ادھر پنجاب کی صنعتوں کو 10 گھنٹے لوڈشیدنگ کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد ہوگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات