انجمن نوجوانان اسلام سپریم کونسل پاکستان اور اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے رمضان المبارک کے پروگراموں کا اعلان

منگل 15 مئی 2018 23:50

سکھر۔ 15مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) انجمن نوجوانان اسلام سپریم کونسل پاکستان اور اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے پروگراموں کا اعلان کر دیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اے این آئی سپریم کونسل اور اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کا مشترکہ اجلاس مرکزی نگران اعلیٰ علامہ حافظ مقصود احمد سکھیرا کی زیر صدارت ہوا جس میں مرکزی چیف کو آرڈینیٹرمحمد احسان رحمانی، مرکزی کو آرڈینیٹر محمد خالد نور ، اسلام ویلفیئر ٹرسٹ کے مرکزی رہنما شمشاد علی مجاہد، مرکزی رہنما اطہر محبوب صدیقی، ارشاد احمد قادری، محمد نعیم سعیدی، اسداللہ خان، نثار بھٹی، نیاز اشرف، منصور مرزا چشتی، عبدالسلام اور دیگر نے شرکت کی۔

مرکزی دفتر میں ہونیوالے اجلاس میں اے این آئی سپریم کونسل کے کو آرڈینیٹر اور اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری محمد خالد نورنے کہا کہ بانی و قائد شہید طارق محبوب کی روایات کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں سالانہ پروگرام مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کئے جائیں گے، اے این آئی سپریم کونسل کے مرکزی چیف کو آرڈینیٹر محمد احسان رحمانی نے ماہ صیام کے پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے شرکائے اجلاس کو بتایا کہ یکم رمضان المبارک کو استقبال ماہ صیام کے اجتماعات ہونگے۔

(جاری ہے)

10 رمضان المبارک کو فاتح سندھ محمد بن قاسم کی یاد میں یوم باب السلام منایا جائے گا۔ 17 رمضان المبارک کو فتح مکہ کی یاد میں یوم بدر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر یوم علی منایا جائے گا۔ 22 تا 25ر مضان اسلامک ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام غربا، مستحقین اور ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے عید امدادی پروگرام ہونگے جس میں مستحقین کو راشن، عید کے کپڑے ، سلائی مشین اور دیگر امداد سامان دیا جائے گا۔ 27 رمضان المبارک کو شب قدر کے موقع پر شب بیداری ہوگی۔ اور 27 رمضان المبارک کو دن میں ہجری سن کے مطابق یوم آزادی پاکستان بھی منایا جائے گا۔ جبکہ 29 رمضان کو جشن نزول قرآن کے اجتماعات منعقد ہونگے۔