بلدیاتی قیادت پانی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے ، میئر سکھر

منگل 15 مئی 2018 23:50

سکھر۔ 15مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ بلدیاتی قیادت پانی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور اس کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت سندھ کے تعاون سے پانی فراہم کرنے کے منصوبہ کو مکمل کیا ہے تاہم یہ افسوسناک بات ہے کہ پی ٹی آئی پانی کے مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے ، دوران احتجاج گالم گلوچ کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا جبکہ ہم نے پیر کے دن کونسل کے اجلاس میں احتجاج کو ویلکم کیا تھا اور کونسل نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں و کارکنوں کو کھلے عام دعوت دی تھی اور احتجاج کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما ہمارے ساتھ چائے پئیں اور پانی کے مسئلہ پر حقائق کی روشنی میں تبالہ خیال کریں لیکن افسوس کہ احتجاج کے دوران فحش گالیوں اور غلیظ گفتگو کی گئی جو غیر شریفانہ طرز عمل ہے لیکن گالم گلوچ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، ہم اخلاقی حدود میں رہ کر احتجاج کے حامی ہیں ، ایسی سیاست موجودہ ملکی حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایک غیر اخلاقی عمل ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی اور صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتی ہے اسی لئے ہم نے کبھی ایسی سیاست نہیں کی جو سستی شہرت اور عوام کو اکسانے کے مترادف ہو، یہ پانی کے مسائل کا حل نہیں بلکہ ذاتی پرخاش لگتی ہے۔ میئر سکھر نے کہا ہے کہ ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن اخلاقیات کا طرز عمل اختیار کیا جائے۔ ایسی گالم گلوچ کی زبان بد امنی اور انتشار کی کوشش ہے جسے ہم رد کرتے ہیں ہم محب وطن ہیں مثبت سوچ رکھتے ہیں اور اب بھی باہمی تعاون سے پانی کے مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔