Live Updates

ماہ رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی ، ناجائز تجاوزات ، ٹریفک کی روانی میں حائل گاڑیوں کی غلط پارکنگ کا سد باب ، ہر علاقہ میں فراہمی و نکاسی آب کے بہتر سے بہتر انتظامات کرلئے جائیں، میئر سکھر

منگل 15 مئی 2018 23:50

سکھر۔ 15مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی ، ناجائز تجاوزات ، ٹریفک کی روانی میں حائل گاڑیوں کی غلط پارکنگ کا سد باب، ہر علاقہ میں فراہمی و نکاسی آب کے بہتر سے بہتر انتظامات کرلئے جائیں تاکہ روزہ داروں کو کسی بھی قسم کی دشواری لاحق نہ ہو ، اس سلسلے میں ڈپٹی میئر طارق چوہان بھی پانی کی کمی کے علاقوں پر پوری توجہ دے رہے ہیں تاکہ پمپنگ اسٹیشنز سے سیوریج واٹر کی نکاسی اور فراہمی آب ممکن بنائی جائے۔

انہوں نے واٹر ورکس کے چاروں فیز کو فعال رکھنے، والوز آپریشن کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں میئر سکھر کی ہدایت پر میونسپل کمشنر پیر واحد بخش نے ایگزیکٹو انجینئر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر باغات ، ٹیکسیشن آفیسر ، انسداد تجاوزات کے دونوں سیکشن کے افسران کو تحریری ہدایات جاری کی ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹیکسیشن آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلاتاخیر ناجائز ہورڈنگز سائن بورڈز اتار دیں جبکہ چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر آصف علی خان کو شہر کی ہر یونین کونسل میں صفائی پر دوران رمضان بھرپور کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ چیف سینیٹری انسپکٹر صغیر احمد ا، انچارج ڈرینجز خالد غوری کو ہر یو سی کے سینیٹری انسپکٹر کو فعال کرنے ، گٹر لائنوں کی صفائی کے عملے اور تمام سینیٹری ورکرز سے کام لینے ، ڈیوٹی سے غیر حاضر اسٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی کو میونسپل ٹیکسز کی ریکوری پر پوری توجہ دینے اور ریکوری کرنے والے ٹھیکیداروں کی لسٹ طلب کرلی ہے ۔ میونسپل کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ان ہدایات پر عملدر آمد کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر دی جائے۔ دریں اثناء بلدیہ کی گاڑیوں کی واپسی کے لئے متعلقہ افسران و محکموں کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات