ذخیرہ اندوزی و زائد نرخ لینے والے بیوپاریوں و دوکانداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، ڈی سی گھوٹکی

منگل 15 مئی 2018 23:50

سکھر۔ 15مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی و انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخ سے زیادہ لینے والے بیوپاریوں و دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں رمضان المبارک کے حوالے سے منقعدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں، سیپکو عملداروں ، پولیس افسران، مختلف مکتبہ فکر کے رہنمائوں، بیوپاریوں و دکانداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک بابرکت ماہ ہے اس میں سب کے ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کردار ادا کیا جائے اس سلسلے میں دکاندار حکومت سندھ و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے خوردنوش فروخت کریں بصورت دیگر ان کے خلاف رمضان آرڈیننس کے تحت کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ احترام رمضان کے تحت ضلع بھر کے تمام ہوٹل شام 5 بجے تک بند رہیں گے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ رمضان کے دوران روزانہ کی بنیادوں پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور دکانداروں سمیت سبزری و فروٹ فروشوں کو پابند بنائیں کے وہ نرخ نامہ آویزان کریں تاکہ عوام دیکھ سکے۔ انہوں نے سیپکو عملداروں کو ہدایت کی کہ سحری و افطاری سمیت تراویح کے دوران نہ صرف شہروں بلکہ دیہاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے وٹنری افسر کو بھی ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر گوشت کا معیار چیک کریں اور لازمی طور اسٹیمپ لگائیں ۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے اشیائے خوردنوش کا نرخ اس طرح مقرر کیے دال چنا پنجاب فی کلو 110 روپے، دال چنا سندھ 90 روپے، دال مونگ دہلی ہوئی 100 روپے، دال مہری دہلی ہوئی 85 روپے، دال ماش دہلی ہوئی 100روپے،دال ماش ثابت 100روپے، مشتی 75 روپے، بکرے کا گوشت 650 روپے، گائے کا گوشت 325روپے، مچھلی ایک کلو سے بڑی 280 روپے، چاول کرنل پنجاب 115 روپے، چاول کرنل سندھ 110 روپے، چاول 86 پنجاب 70 روپے، چاول 86سندھ 65 روپے، دود 70 روپے، دہی 90 روپے، کوکنگ آئل کھلا ہوا 145 روپے، بیسن 110 روپے، چاول ایری 40 روپے، چاول ٹوٹو پنجاب 50 روپے، سوجی 45 روپے، میدہ 40 روپے، لال مرچ 240 روپے، سرسوں کا تیل 140 روپے فی کلو مقرر کیا گیا اس کے علاوہ کالے مرچ فی 50 گرام 50 روپے، بڑی الائچی 100 روپے، چھوٹی الائچی 90 روپے اور ہلدی فی 50گرام 15 روپے مقرر کیا گیا۔