عورت کے علم میں لائے بغیر چھ ماہ اس کے گھر میں رہنے والا گرفتار

Ameen Akbar امین اکبر منگل 15 مئی 2018 23:45

عورت کے علم میں لائے بغیر چھ ماہ اس کے گھر میں  رہنے والا گرفتار

جاپان میں ننجا   کراٹے کے  ایسے ماہر سپاہی کو کہتے ہیں جو  غائب ہونے اور جاسُوسی کرنے میں مہارت رکھتا ہو۔ ہیمیجی، ہیوگو ،جاپان میں ایک 20سالہ شخص کو جدید دور کے ننجا کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔ یہ شخص چھ ماہ تک ایک بوڑھی عورت کے گھر میں رہتا رہا اور کسی کو اس کا پتا بھی نہ چلا۔
اس ”ننجا“  کو پچھلے ہفتے اس وقت پکڑا گیا جب بوڑھی عورت کا بیٹا گھر آیا ہوا تھا۔

بوڑھی عورت کا بیٹا کافی عرصے بعد گھر آیا تھا، وہ کچن میں کھانا پکا رہا تھا کہ اسے دوسری منزل سے عجیب و غریب آوازیں سنائی دیں۔ وہ اوپر گیا اور جا کر کمرے کا دروازہ کھولا تو اندر ایک شخص بستر پر سو رہا تھا۔ بوڑھی عورت کے بیٹے نے آرام سے دروازہ بند کیا اور نیچے آکر اپنی ماں سے کسی مہمان کے بارے میں پوچھنے لگا۔

(جاری ہے)

بوڑھی عورت کو تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ اس کا بیٹا کس کے  بارے میں بات کر رہا ہے، اس پر بوڑھی عورت کے بیٹے نے 110(پولیس کے ہنگامی نمبر) پر کال کی  اور پولیس کا بلا لیا۔

پولیس نے آکر دوسری منزل پر سونے والے شخص کو پکڑلیا۔ یہ شخص اتنا ڈھیٹ ثابت ہوا کہ اپنا نام تک نہیں بتایا۔ تحقیقات سے پولیس کو پتا چلا ہے کہ یہ شخص 12 دسمبر سے اس گھر میں رہ رہا ہے۔
بوڑھی عورت کا کہنا ہے کہ وہ بہت عرصے سے دوسری منزل پر نہیں گئی اور نہ اس نے کبھی کوئی آواز سنی ہے تاہم یہ آواز کا نہ سننا بوڑھی کی کمزور سماعت کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔


پولیس نے اس شخص پر فی الحال بغیر اجازت کسی کے گھر میں داخل ہونے کا مقدمہ قائم کیا ہے۔
جب یہ خبر جاپانی سوشل میڈیا پر آئی تو فوراً ہی وائرل ہوگئی۔ بہت سے لوگوں نےا س شخص کو جدید دور کا ننجا قرار دے ہوئے کہاج ہے کہ وہ اس شخص سے متاثر بھی ہیں اور خوفزدہ بھی ۔بہت سے صارفین نے بوڑھی عورت کے بیٹے کو قصوروار قرار دیا ، جو جلدی جلدی اپنے گھر نہیں آتا۔
ویسے آپ کے گھر میں بھی کوئی غیر آباد کمرہ ہے تو اسے وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہا کریں کہ وہ کسی نے آباد تو نہیں کیا ہوا۔

متعلقہ عنوان :