کوئٹہ، تنازعات کے خاتمہ نہیں تک ترقی نہیں کرسکتے ،میر عبدالقدوس بزنجو

بلوچستان کے قبائلی تنازعات کو حل کرنے کے لئے سب اپنا کردار ادا کررہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 16 مئی 2018 00:00

ٍکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی تنازعات کو حل کرنے کے لئے ہم سب اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک ہم ان تنازعات کا خاتمہ نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں گزشتہ سال جناح روڈ پر قتل ہونے والے کے پاس مرکہ لیکر گئے اور وہاں پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی ‘ صوبائی وزراء میر سرفراز ڈومکی ‘ عامررند ‘ طاہر محمود ‘ امان اللہ نوتیزئی اور کوآرڈینیٹر بلال کاکڑ جبکہ قبائلی عمائدین میں ملک امان اللہ کاکڑ ‘ رشید خان ناصر ‘ حاجی فیض اللہ نورزئی ‘ ولی محمد غیبزئی ‘ ملک ہاشم خان مہترزئی ‘ یحییٰ خان ناصر ملک قیوم کاکڑ طورکاکا ‘ حاجی اکبر عیسیٰ خیل اور ڈاکٹر عبداللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں جرگہ مقتول کے خاندان کے پاس گئے اور 3 گھنٹے تک ان سے طویل مذاکرات کئے تاہم مقتول کے اہلخانہ نے بتایا کہ گزشتہ سال ہمارے محمد رسول نامی شخص زخمی ہوئے جو تاحال زیر علاج ہیں اور اب بھی علاج کے غرض سے بیرون ملک لے جارہے ہیں اس کے بعد معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے وزیراعلیٰ بلوچستان نے محمد رسول کاکڑ اور ان کے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی مشکور ہیں کہ مذکورہ خاندان نے پشتون بلوچ روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ہمیں جو عزت دی ہے ہم اس کو کبھی بھی نہیں بھلاسکتے انہوں نے کہا کہ اس لئے تو بلوچستان مہمان نوازی کے حوالے سے جانا پہچانا جاتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم صوبہ میں تمام تنازعات کو پرامن طریقے ختم کر سکیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی تنازعات کو حل کرنے کے لئے ہم سب اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک ہم ان تنازعات کا خاتمہ نہیں کریں گے۔