امریکی سفارتخانہ منتقل کرنا بیت المقدس چھیننے کے مترادف ہے،متحدہ مجلس عمل ضلع حیدرآباد

بدھ 16 مئی 2018 00:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع حیدرآبادکے رہنمائوں نے کہاہے کہ اسرائیل ،امریکا اوراقوام متحدہ تینوں اہل فلسطین کی نسل کشی کے ذمہ دارہیں، امریکی سفارتخانہ منتقل کرنا بیت المقدس چھیننے کے مترادف ہے، فلسطینیوں پر ظلم وستم کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے ضلع حیدرآباد کااجلاس مرکزتبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ پر امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادوصدرمتحدہ مجلس عمل حافظ طاہرمجیدکی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں سینئرنائب صدرجمن شاہ کاظمی،نائب صدورحافظ خالدحسن دھامرہ،عبدالقیوم شیخ ،ڈاکٹرسیف الرحمن اورسیکریٹری اطلاعات عابدنورانی،خازن عبدالعزیز راجپوت ،محمدشہزاداوردیگرشریک ہوئے، حافظ طاہرمجیدنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنوں کی نادانی اور دشمنوں کی سازشوں کی وجہ سے عالم اسلام مظالم کاشکارہے، امریکا،اسرائیل اور بھارت مسلمانو ں کے کھلے دشمن ہیں امریکا نے فلسطین پر اسرائیل کی70سالاناجائزقبضے مکمل ہونے کے بعداپناسفارتخانہ تل ابیب سے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المًقدِس منتقل کرکے عالم اسلام کے خلاف اپنے ناپاک عزائم کااظہارکیاہے لیکن افسوس اوآئی سی اور عرب لیگ اورمسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس قدرردعمل ان کی جانب سے آناچاہیے تھانہیں آتا، امت مسلمہ کے مسائل کے ذمہ دارنادان ،نااہل اوربے شعورحکمران ہیں جب تک دردِدل رکھنے والے افرادحکمران نہیں بنتے ملکی اورعالمی حالات ہمارے لیے بہترنہیں ہوسکتے اس کے لیے عوام کوچاہیے کہ وہ دیانت دار افرادکواپنے لیے منتخب کریں ،انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی اورقوم کوبہترین قیادت دے گی۔